مشاعرہ ہوگا
بس ایک ہفتے میں اپنا مشاعرہ ہوگا
ہوا ہے بھابی کے بیٹا مشاعرہ ہوگا
نہ ساز و رقص کی محفل نہ بزم قوالی
ہماری شادی میں تنہا مشاعرہ ہوگا
تمہیں بتاؤ گلے باز شاعروں کے بغیر
اگر ہوا بھی تو کیسا مشاعرہ ہوگا
اٹھیں ہزار صدائیں مشاعرے کے خلاف
ہمارا دعویٰ ہے ہوگا مشاعرہ ہوگا
بلا بلائے بھی ممکن ہوا تو جاؤں گا
کسی کا ہوگا کہیں کا مشاعرہ ہوگا
جو بد نصیبی سے کل کو ملازمت نہ رہی
شکم کا اپنے سہارا مشاعرہ ہوگا
کیا ہے آنے کا وعدہ خمارؔ صاحب نے
ہمیں یقیں ہے کہ اچھا مشاعرہ ہوگا
کسی کا جشن ولادت کسی کا یوم وفات
یوں ہی ہمیشہ ہمارا مشاعرہ ہوگا
سنا ہے باپ بنے گا اب ایک بچے کا
ہمارے سالے کا سالا مشاعرہ ہوگا
ہمارے شہر میں ہیں پاپولرؔ بہت شاعر
سب آئیں تو کئی دن کا مشاعرہ ہوگا