میدو کا طوطا
تین ہماری بہنیں چھوٹی
مل کر کھائیں آدھی روٹی
نا پتلی نا بالکل موٹی
میدو ان میں سب سے چھوٹی
میدو نے اک طوطا پالا
اس طوطے کا رنگ نرالا
نیچے نیلا اوپر کالا
ٹڈے ایسی آنکھوں والا
اس طوطے کی ہوئی چڑھائی
دن بھر کر کے مغز کھپائی
شام کو دی میدو نے دہائی
اس طوطے کو لینا بھائی
لاکھ پڑھائیں خاک نہ بولے
دم نہ ہلائے چونچ نہ کھولے
بہت کہو تو ہولے ہولے
فرش پہ مارے رہ رہ ٹھولے
بھائی نے سوچا اس کو بلائیں
چھیڑا جو اس کو دائیں بائیں
طوطا بولا کائیں کائیں
میدو بولی ہائیں ہائیں
میں نے اس کو طوطا سمجھا
یہ طوطا تو کوا نکلا
اس کوے کی دم میں تاگا
اس کے پیچھے چھوڑو کتا