میری آنکھوں میں آنسو پیارے
میری آنکھوں میں آنسو پیارے
گھر تمہارا ہے تم رہو پیارے
غیر کی بات میں نہ تم آنا
میں کہوں اور تم سنو پیارے
لطف صحبت متاع الفت ہے
کچھ کہو اور کچھ سنو پیارے
اک فریب نظر ہے کچھ بھی نہیں
یہ گلستان رنگ و بو پیارے
کون کتنا وفا کا ہے پابند
فیصلہ ہوگا مو بہ مو پیارے
ہے تمنا تمہاری سب کو مگر
تم ہو آپ اپنی آرزو پیارے
اک محبت ہے وہ شکایت بھی
جو کرے کوئی رو بہ رو پیارے
ہم نہ چھوڑیں گے شیوۂ تسلیم
تم جو چاہو وہ تم کرو پیارے
نام لیوا تمہارا ہے طرزیؔ
آدمی کی طرح ملو پیارے