مرنے کا سکھ جینے کی آسانی دے

مرنے کا سکھ جینے کی آسانی دے
انداتا کیسا ہے آگ نہ پانی دے


اس دھرتی پر ہریالی کی جوت جگا
کالے میگھا پانی دے گردانی دے


بند افلاک کی دیواروں میں روزن کر
کوئی تو منظر مجھ کو امکانی دے


میرے دل پر کھول کتابوں کے اسرار
میری آنکھ کو اپنی صاف نشانی دے


ارض و سما کے پس منظر سے سامنے آ
دل کو یقیں دے آنکھوں کو حیرانی دے


میرے ہونے میرے نہ ہونے میں کیا ہے
موت کو مفہوم اس ہستی کو معانی دے


برکت دے دن پھیرنے والی دعاؤں کو
رات کو کوئی خوش تعبیر کہانی دے


ٹوٹتی رہتی ہے کچے دھاگے سی نیند
آنکھوں کو ٹھنڈک خوابوں کو گرانی دے


مجھ کو جہاں کے ساتوں سکھ دینے والے
دینا ہے تو کوئی دولت لا فانی دے


تجھ سے جدا ہو کر تو میں مر جاؤں گا
مجھ کو اپنا سر اے دوست نشانی دے


اک اک پتھر راہ کا زیبؔ ہٹاتا چل
پیچھے آنے والوں کو آسانی دے