مجذوب کا رد عمل اور مولوی کی مسکراہٹ

مولانا حالیؔ کے مقامی دوستوں میں مولوی وحیدالدین سلیم(لٹریری اسسٹنٹ سرسید احمد خاں) بھی تھے ۔جب یہ پانی پت میں ہوتے تو روزانہ مولانا حالیؔ کے پاس جاکر گھنٹوں بیٹھا کرتے تھے ۔ ایک روز صبح ہی صبح پہنچے۔ مولانا نے رات کو کوئی غزل کہی تھی ۔ وہ ان کو سنائی ۔ سلیم سن کر پھڑک اٹھے اور کہنے لگے ، ’’مولانا واللہ جادو ہے ۔‘‘ مولانا کے بالاخانے کے نیچے ایک کوٹھری تھی ، مولانا نے ایک مجذوب فقیر کو رہنے کے لیے دے رکھی تھی ۔ وہ مجذوب باہر گلی میں بیٹھا دھوپ تاپ رہا تھا ۔ جب اس کے کان میں یہ فقرہ پڑا تو بے اختیار چلا اٹھا ’’جادو برحق کرنے والا کافر۔‘‘ مولانا نے مسکراکر سلیم سے کہا ’’لیجئے مولوی صاحب، سرٹیفکٹ مل گیا ۔‘‘