مجنوں بنا دیا تو مکمل بنا دیا

مجنوں بنا دیا تو مکمل بنا دیا
مجھ کو تو میرے عشق نے پاگل بنا دیا


دل نے کسی کی یاد کو چھوڑا نہیں کبھی
دل نے کسی کی یاد کو آنچل بنا دیا


اتنا میں تیری یاد میں برسی ہوں ٹوٹ کر
آنکھوں کو جیسے میں نے تو بادل بنا دیا


لوگوں کا اک ہجوم تھا جانے کدھر گیا
بستی کو کس نے رات میں جنگل بنا دیا


کوئی تو اس جہاں میں ہے نا پختہ اور خام
یا رب کسی کو تو نے مکمل بنا دیا


کوئی تو علم و فکر میں ہے بحر بیکراں
انسان کوئی تو نے تو اجہل بنا دیا


زیبیؔ میں خود کو سونا سمجھتی تھی اور بس
مجھ کو کسی نے دیکھ لو پیتل بنا دیا