مہجور ہر انجمن ہیں ہم لوگ

مہجور ہر انجمن ہیں ہم لوگ
اپنے میں جلا وطن ہیں ہم لوگ


جو سبزہ و برگ سے ہو محروم
وہ شبنم بے کفن ہیں ہم لوگ


اے اپنی ہی خلوتوں میں محبوس
شاید تری انجمن ہیں ہم لوگ


خود اپنے شعور جاں سے ملبوس
بے پیکر و پیرہن ہیں ہم لوگ


اے عالم رنگ رنگ تخلیق
آزردہ جان و تن ہیں ہم لوگ


خود اپنے وجود میں تقید
پابستہ بے رسن ہیں ہم لوگ


ہر عہد کی شہریت سے محروم
ہر شہر میں بے وطن ہیں ہم لوگ