لگژری آٹمز کی درآمد پر پابندی میں حکومت کتنی سنجیدہ ہے؟
مہنگے موبائل جیب میں ڈال کر، منہ میں امپورٹڈ چاکلیٹ دبا کر، بڑی بڑی چمکتی گاڑیوں کے شیشے چڑھا کر، کانوں میں برینڈڈہیڈ فون لگا کر،، غریبوں کا دل جلانے والو، ہوشیار باش!
حکومت نے اڑتیس 38 ایسی مصنوعات کی درآمد پر پابندی لگا دی ہے جسے اس نے غیر ضروری اور صرف تعیش کی علامت خیال کیا ہے۔ بہت عرصے سے کئی ماہرین معیشت حکومت سے اس پابندی کا مطالبہ بھی کررہے تھے، کیونکہ ایک غریب اور مقروض ملک ہونے کے باوجود ہمارے غیر ملکی ریزرو کا ایک بڑا حصہ ان درآمدات کی خریداری کی وجہ سے ملک سے باہر جارہا تھا۔ ابھی بھی یہ اندازہ تو نہیں ہے کہ یہ پابندی کس حد تک کامیاب رہتی ہے اور پاکستان کو کس حد تک فائدہ پہنچا سکتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب تک ہم بیرون ملک سے آنے والی تعیشات کو بند نہیں کرتے اور اپنی ملکی انڈسٹری کو فروغ نہیں دیتے، اپنے پاؤں پر کھڑے ہونا ممکن نہیں ہے۔ اگر حکومت واقعی اس معاملے میں سنجیدہ رہی تو اس سے ان شاءاللہ ملکی معیشت کو سہارا بھی ملے گا اور ہم پر قرضوں کا بھاری بوجھ بھی کم ہوگا۔
وزیر اطلاعت و نشریات نے چند روز پیشتر اس پابندی کا اعلان کیا ہے ۔ ان کا خیال ہے کہ موجودہ پابندی سے پاکستان چھے ارب ڈالر تک کی بچت کر لے گا۔ وزیر اعظم کی جانب سے جاری کردہ ان اڑتیس مصنوعات میں شامل ہیں:
- موبائل فون
- ہوم اپلائنسز
- پھل اور خشک میوہ جات (سوائے ان کے جو افغانستان سے آتے ہیں)
- برتن
- نجی ہتھیار اور اسلحہ بارود
- جوتے
- فانوس اور دیگر لائٹنگ کا سامان (سوائے انرجی سیور کے)
- ہیڈ فون اور لاؤڈ سپیکر
- کیچپ اور دیگر چٹنیاں
- دروازوں اور کھڑکیوں کے فریم
- سفری بیگ
- قالین (سوائے جو افغانستان سے آتے ہیں)
- محفوظ بنایا گیا خوراک کا سامان
- سینٹری کا سامان
- ٹشو پیپر
- شیمپو
- فرنیچر
- گاڑیاں
- گولیاں ٹافیاں اور دیگر کھانے پینے کی مصنوعات
- پر تعیش گدے اور سونے والے بیگ
- غسل خانے میں استعمال ہونے والی اشیا
- ہیٹر بلوور
- دھوپ سے بچنے والی عینکیں
- باورچی خانے میں استعمال ہونے والی اشیا
- امپورٹڈ منرل واٹر
- منجمدگوشت، مچھلی، شربت اور پاستا وغیرہ
- شیونگ کا سامان
- سگریٹ
- موسیقی کے آلات
- چمڑے کی مصنوعات
- سیلون کا سامان مثلاً بال خشک کرنے والی مشین وغیرہ
- درآمدی چاکلیٹ
لنڈے سے خرید کر باہر سے منگوائے کہہ کر جوتے کپڑے پہننے والے خواتین و حضرات اس سال احتیاط فرمائیں۔ عوام کو معلوم ہے باہر سے کپڑے جوتے نہیں آ رہے، درآمد پر پابندی ہے۔ بعد میں سبکی کے ذمہ دار ہم نہ ہوں گے! شکریہ