کیا ان کو دل کا حال سنانے سے فائدہ

کیا ان کو دل کا حال سنانے سے فائدہ
ہوگا تو ہوگا نوٹ دکھانے سے فائدہ


نوک مژہ جو دل میں چبھی دل پھڑک اٹھا
کچھ تو ہوا ہے ٹیکہ کرانے سے فائدہ


دل گم ہے اپنا چور کا لیکن پتہ نہیں
عاشق کو کیا پولیس کے تھانے سے فائدہ


معلوم ہے دکھاتے ہیں وہ ہم کو سبز باغ
لارنس باغ شام کو جانے سے فائدہ


اب بھی وہ کہہ رہے ہیں کہ میرے بزرگ ہو
کچھ بھی ہوا نہ شیو کرانے سے فائدہ


جو نیچے جیب کے ہے مری جاں اسے چرا
عاشق کا فاؤنٹین چرانے سے فائدہ


لق لقؔ زمانہ ہم سے اٹھاتا ہے فائدے
ہم نے بھی کچھ اٹھایا زمانے سے فائدہ