کیا پوچھتے ہو شہر میں گھر اور ہمارا

کیا پوچھتے ہو شہر میں گھر اور ہمارا
رہنے کا ہے انداز ادھر اور ہمارا


وہ تیغ نہ جانے کدھر اٹھتی ہے ابھی تو
جھگڑا ہے دل سینہ سپر اور ہمارا


جب ہوش میں آئے تو اسے دیکھ بھی لیں گے
فی الحال ہے انداز نظر اور ہمارا


یہ مہر و نشاں طبل و علم خوب ہے لیکن
بڑھ جائے گا کچھ بار سفر اور ہمارا


دل ایسا مکاں چھوڑ کے یہ حال ہوا ہے
یعنی نگہ خانہ بدر اور ہمارا