کیا کرتے ہیں دل داری دل آزاری نہیں کرتے

کیا کرتے ہیں دل داری دل آزاری نہیں کرتے
ہنسانے کے لیے ہم بات بازاری نہیں کرتے


مزاح و طنز میں ملحوظ رکھتے ہیں متانت کو
کبھی مجروح ہم کرتے نہیں لفظوں کی حرمت کو


جو کم شاداب چہرے ہیں انہیں شاداب کرتے ہیں
جو کم سن ہیں بہت جھک کر انہیں آداب کرتے ہیں


اجالے کو اجالا رات کو ہم رات کہتے ہیں
سلیقے سے بہ انداز دگر ہر بات کہتے ہیں


بڑھا کر بات دگنی یا کبھی تگنی نہیں کہتے
کسی کم قد حسینہ کو کبھی ٹھگنی نہیں کہتے


کسی نازک بدن کو ہم کبھی موٹی نہیں کہتے
کسی موٹی سے موٹی کو ڈبل روٹی نہیں کہتے


جو مس گائیڈ کرے اس کو تو مس گائیڈ نہیں کرتے
بھلائی کو کسی بھی طور سب سائیڈ نہیں کرتے


بناتے ہیں ہر اک ماحول کو ہم پر فضا یارو
قبائے گل کو چھوتے ہیں بہ انداز صبا یارو


کسی مس سے جو نادانی میں کچھ مسٹیک ہو جائے
دعا کرتے ہیں نادانی بھی فال نیک ہو جائے