کس سے جھگڑیں؟

فراق صاحب جب پاکستان کے دورے سے واپس آئے جہاں ان کی بڑی آؤ بھگت ہوئی تھی ، تو کچھ لوگ ان سے ملنے آئے ۔ اس زمانے میں دونوں ملکوں میں آمدورفت پر بڑی پابندیاں تھیں اور لوگ ایک دوسرے کے بارے میں جاننے کے بڑے خواہشمند رہتے تھے ۔ فراق صاحب نے ان لوگوں کو پاکستان کے بارے میں بہت سی باتیں بتائیں ، مگر لوگوں کو سیری نہیں ہوئی ۔ ایک صاحب بولے:
’’ویسے وہاں عام لوگوں کا کیا حال ہے ؟‘‘
فراق صاحب نے جواب دیا:
’’بھائی لوگ بہت اداس ہیں،بہت دکھی ہیں ۔‘‘
ان صاحب نے پوچھا:
’’مگر کیوں اداس ہیں؟‘‘
فراق صاحب نے نہایت بھولے پن سے جواب دیا ۔
’’وہاں اب ہندو ہی نہیں رہے جھگڑیں کس سے ؟‘‘