خدا کی جگہ خالی ہے

شنکر ڈمرو کا متبادل تلاش کر چکا
گوپیاں اب کسی اودھو کی محتاج نہیں
ٹرنک کال
ان کی سمسیاؤں کا حل ہے
عزرائیل!
ایٹم اور ہیلیم کے حق میں
دست بردار ہونے کی فکر میں ہے
اسرافیل کی جمالیاتی حس کو جلا مل گئی
اب وہ کسی میوزک اسکول میں داخلہ لے لے گا
فوڈ کارپوریشن کا مطالبہ:
'میکائیل کا رٹائرمنٹ' مان لیا گیا ہے
وائرلس ٹیلی گراف کا محکمہ
افسر اعلی کے عہدہ کے لیے
جبرئیل کی درخواست پر غور کر رہا ہے
'خدا کی جگہ خالی ہے'
متمنی حضرات فوراً سے پیشتر درخواست دیں!