خیال پرسش فردا سے گھبرانا نہیں آتا
خیال پرسش فردا سے گھبرانا نہیں آتا
گنہ کرتا ہوں لیکن مجھ کو پچھتانا نہیں آتا
یقین دعویٔ الفت نہیں مانا نہیں آتا
مگر یہ بھی تو ہے جھوٹوں کو جھٹلانا نہیں آتا
طبیعت ہے غیور ایسی کہ تشنہ کام رہتا ہوں
لگی لپٹی کسی کی سن کے پی جانا نہیں آتا
مری ناکامیاں دل کا چمن شاداب رکھتی ہیں
یہ وہ کلیاں ہیں جن کو کھل کے مرجھانا نہیں آتا
کسی کے وعدۂ باطل سے تسکیں ہو نہیں سکتی
کھلونے دے کے مجھ کو دل کا بہلانا نہیں آتا
وفا کی داستاں دنیا میں کیفیؔ کب نہیں چھڑتی
زبان خلق پر کب میرا افسانہ نہیں آتا