خنجر چمکا رات کا سینہ چاک ہوا
خنجر چمکا رات کا سینہ چاک ہوا
جنگل جنگل سناٹا سفاک ہوا
زخم لگا کر اس کا بھی کچھ ہاتھ کھلا
میں بھی دھوکا کھا کر کچھ چالاک ہوا
میری ہی پرچھائیں در و دیوار پہ ہے
صبح ہوئی نیرنگ تماشا خاک ہوا
کیسا دل کا چراغ کہاں کا دل کا چراغ
تیز ہواؤں میں شعلہ خاشاک ہوا
پھول کی پتی پتی خاک پہ بکھری ہے
رنگ اڑا اڑتے اڑتے افلاک ہوا
ہر دم دل کی شاخ لرزتی رہتی تھی
زرد ہوا لہرائی قصہ پاک ہوا
اب اس کی تلوار میری گردن ہوگی
کب کا خالی زیبؔ مرا فتراک ہوا