خواب کیا ہیں
نیند کی طرح خواب بھی قدرت کا ایک اسرار ہے۔
خوابوں کی حقیقت یا ماہیت انسان اب تک سمجھ نہیں پایا۔ مذہبی یا روحانی دنیا میں تو پھر بھی اس کی کچھ نا کچھ وضاحت ہو جاتی ہے، لیکن سائنس دان تو اسے سمجھنے سے قطعاً قاصر ہیں۔ نفسیات دان الگ ایک طرف ٹامک ٹوئیاں مارتے پھرتے ہیں، لیکن خوابوں کا معمہ ہے کہ کسی طرح کھلنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔
سائنس دان صدیوں سے اس سوال پر پریشان ہیں کہ ہم خواب کیوں دیکھتے ہیں؟
ہر دور میں اس کے مختلف جوابات سامنے آئے ہیں جیسے سگمنڈ فرائیڈ جیسے ماہر نفسیات کا خیال یہ ہے کہ خوابوں کے ذریعے ہم اپنی نا آسودہ خواہشیں ، یعنی ایسی خواہشات کو پورا کرتے ہیں جن کو عام زندگی میں ہم پورا نہیں کرسکتے۔
اکثرخواب ہمیں معمے حل کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ، نیند میں خواب کے دوران ہمارا دماغ ایسے معموں کو حل کرنے میں مصروف ہوتا ہے جو دن کے اوقات میں ہمیں ذہنی طور پر الجھائے رکھتے ہیں۔
اکثر لوگ خوابوں اور خواب میں نظر اور پیش آنے والے منظر پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ خواب بامعنی ہوتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ عام طور پر لوگ منفی خواب کو زیادہ بامعنی سمجھتے ہیں۔ اب چاہے وہ کچھ بھی ہو ۔ جیسے کسی ایسے فرد کے بارے میں ہی کیوں نہ ہو جسے وہ ناپسند کرتے ہوں ۔
مگر خواب میں اس کا نظر آنا ان کے لیے کسی نہ کسی معنی کا باعث ضرور بن جاتا ہے۔
کچھ لوگوں کو ڈراؤنے خواب نظر آتے ہیں ۔ تحقیق بتاتی ہے کہ راتوں کو دیر تک جاگنے والوں کو زیادہ خوفناک خواب آتے ہیں۔
مردوں اور خواتین کے خوابوں میں بہت زیادہ فرق ہے ۔ یہ کوئی حیرت انگیز امر نہیں کہ بیش تر مرد حضرات کے خواب عام طور پر خواتین کے ہی گرد گھومتے ہیں ۔
جبکہ اس کے مقابلے میں خواتین کو خوفناک خوابوں کا تجربہ زیادہ ہوتا ہے
تحقیق کے مطابق خواتین تین طرح کے خوفناک خوابوں کو دیکھتی ہیں
دہشت انگیز خواب (یعنی تعاقب یا زندگی کو خطرہ)
کسی پیارے کو کھونے کا خواب
یا الجھن میں ڈال دینے والے خواب
عزیز دوستو ، خواب دماغ کا وہ جادو ہے جو کسی صحت مند انسان کے لیے عموماً تب تک حقیقت رہتا ہے، جب تک آنکھ نہ کھل جائے۔