کشمکش
پھر کسی موڑ سے سنگیت کی لے آتی ہے
رقص کرتے ہیں کہیں ساغر و مینا جیسے
نکہت گل ہے کہیں
مست گلشن ہے کہیں
مہکی مہکی ہے ہوا
بھینی بھینی سی فضاؤں میں ہے خوشبو شامل
اک مقدس تنویر
اک لطافت ہر سو
مجھ کو لگتا ہے یہی
چشم روشن مری ہستی کو ہے یوں گھیرے ہوئے
جیسے ماں بچے کو باہوں میں جکڑ لیتی ہے
اور میں سوچ رہی ہوں تنہا
ذہن کے بند دریچوں کو نہ کھلنے دوں گی
اور نقیبان محبت کو نہ لبیک کہوں گی
کب تک
کب تک