کہانی کا سماں
مری پیاری انا میری انا جانی
سنا دے مجھے کوئی ایسی کہانی
کہ جس میں پرستان کا سا سماں ہو
زمیں پھول کی چاند کا آسماں ہو
ستارے برستے ہوں جس کی فضا میں
ہو خوشبو کا طوفان جس کی ہوا میں
جہاں شہد و شربت کی نہریں رواں ہوں
جہاں ہیرے یاقوت کی کشتیاں ہوں
اور ان میں کوئی گیت گاتی ہوں پریاں
شعاعوں کے بربط بجاتی ہوں پریاں
پہاڑ اس میں جتنے ہوں سارے طلائی
اور ان کے سہانے نظارے طلائی
اندھیرا نہ ہو نام کو بھی جہاں میں
ہو اک چاند روشن ہر اک شمع داں میں
محل ہو ہر اک سنگ مرمر کا جس میں
ہر اک طاق ہو لعل و گوہر کا جس میں
نہ بوڑھا ہو کوئی نہ کوئی جواں ہو
فقط میں ہوں اور میری انا وہاں ہو
مرے پر ہوں اڑتا پھروں میں ہوا میں
حکومت ہو میری وہاں کی فضا میں
غرض میری انا مری انا جانی
سنا دے مجھے کوئی ایسی کہانی