کہا جو ہم نے ''ہمیں در سے کیوں اٹھاتے ہو''
کہا جو ہم نے ''ہمیں در سے کیوں اٹھاتے ہو''
کہا کہ اس لیے تم یاں جو غل مچاتے ہو''
کہا ''لڑاتے ہو کیوں ہم سے غیر کو ہمدم''
کہا کہ ''تم بھی تو ہم سے نگہ لڑاتے ہو''
کہا جو حال دل اپنا تو اس نے ہنس ہنس کر
کہا ''غلط ہے یہ باتیں جو تم بناتے ہو''
کہا ''جتاتے ہو کیوں ہم سے روز ناز و ادا''
کہا کہ ''تم بھی تو چاہت ہمیں جتاتے ہو''
کہا کہ ''عرض کریں ہم پہ جو گزرتا ہے؟''
کہا ''خبر ہے ہمیں کیوں زباں پہ لاتے ہو''
کہا کہ ''روٹھے ہو کیوں ہم سے کیا سبب اس کا''
کہا ''سبب ہے یہی تم جو دل چھپاتے ہو''
کہا کہ ''ہم نہیں آنے کے یاں'' تو اس نے نظیرؔ
کہا کہ ''سوچو تو کیا آپ سے تم آتے ہو''