کچے رنگوں کا موسم
گھر سے بستہ اور ٹفن کے ساتھ نکلنا مکتب کو
آدھے ہی رستے سے گھوم کے واپس آنا
شام ڈھلے تک
کھیلنا کودنا
جھگڑے کرنا
پھر مل جانا
باغ سے جا کر آم چرانا
پکڑے جانا
گھر پر آ کر ڈانٹیں سننا
کبھی کبھی تھپڑ بھی کھانا
گنے کے مرجھائے اور کالے پھولوں سے
نقلی داڑھی مونچھ بنانا
چھپ کر جوٹھی بیڑی پینا
کھیتوں میں جھاڑے کو جانا
ادھر ادھر کی باتیں کرنا
اک گورے لڑکے کے پیچھے تکتے رہنا
کم عمری میں بالغ ہونا
الٹے سیدھے دھیان میں شب بھر
جاگتے رہنا
کتنا اچھا لگتا تھا
وہ راتیں کتنی پیاری تھیں
وہ دن کتنے البیلے تھے