کام کتنا ہے زندگانی میں

کام کتنا ہے زندگانی میں
اور وہ بلبلہ ہے پانی میں


پل میں شعلہ تو پل میں ہے شبنم
رنگ کتنے ہیں یار جانی میں


کون کہتا ہے ہم نہیں ہوں گے
ہم جئیں گے تری کہانی میں


آنکھ کیا بھید کھول دیتی ہے
کتنے قصے لکھے ہیں پانی میں


اتنی امید لے کے بیٹھے ہو
کون جیتا ہے دار فانی میں


واعظ خوش بیان سب تسلیم
کون تائب ہوا جوانی میں


اس کا شعلہ بدن معاذ اللہ
آگ لگ جائے ٹھنڈے پانی میں


وقت رخصت ندیمؔ دو آنسو
ہونٹ پر رکھ دئے نشانی میں