جب سے ان کی دم کا چھلا بن گئے

جب سے ان کی دم کا چھلا بن گئے
ہم اکیلے تھے محلہ بن گئے


سال بھر میں یا خدا یہ کیا ہوا
مرد سے ہم اوئی اللہ بن گئے


بن گیا جس وقت میں نفرت کی گیند
سب چلم بردار بلا بن گئے


حسن جب بیوی بنا ہم اس کے بعد
نون لکڑی تیل غلہ بن گئے


شانتی والوں سے جب کرسی چھنی
سب کے سب ہڑبونگ ہلا بن گئے


دیکھتے ہی ان کو جیبیں صاف تھیں
ایک جلوے میں مجلا بن گئے