جب سے تو بے نقاب ہے پیارے

جب سے تو بے نقاب ہے پیارے
ہر نظر کامیاب ہے پیارے


تجھ کو دیکھوں تو کس طرح دیکھوں
تو کہ اک آفتاب ہے پیارے


میری آنکھوں میں دیکھ کیف جمال
کیسی اچھی شراب ہے پیارے


جس کو تو نے بنا لیا اپنا
وہی دل انتخاب ہے پیارے


تیری فرقت میں تیری دوری میں
حالت دل خراب ہے پیارے


تیرا ملنا تو کوئی بات نہیں
تجھ سے ملنا عذاب ہے پیارے


ذرہ ذرہ میں تجھ کو دیکھ لیا
اب نظر باریاب ہے پیارے


درد پر جب سے مہربان ہے تو
دہر میں انقلاب ہے پیارے