جب گدھے نے راگ الاپا
اس کا موسیقار ہے خچر
اس کا سا زندہ ہے بندر
ناچ رہے ہیں میاں مچھندر
جاگ اٹھیں سوتے آپا
جب گدھے نے راگ الاپا
نام ہے اس کا راگ تمنا
یعنی جو جی چاہے بننا
الو بولا تاتک دھنا
چمگادڑ نے کیا سیاپا
جب گدھے نے راگ الاپا
بھالو بولا چپ کر بھائی
ہاتھی دینے لگا دہائی
اتنی لمبی تان اڑائی
چڑیوں نے فیتے سے ناپا
جب گدھے نے راگ الاپا