جاگے جو خواب غم سے پھر نیند ہی نہ آئی
جاگے جو خواب غم سے پھر نیند ہی نہ آئی
دہشت کے زیر و بم سے پھر نیند ہی نہ آئی
معلوم ہی نہیں کچھ ہم کیسے سو گئے تھے
ڈر کر رخ ستم سے پھر نیند ہی نہ آئی
تاروں سے رابطے کچھ قائم رہے ہمہ شب
اس شغل مغتنم سے پھر نیند ہی نہ آئی
گونجی سکوت شب میں آواز جانے کس کی
ہم کو تو خوف غم سے پھر نیند ہی نہ آئی
آئی جو یاد اظہرؔ شب کو جفائے یاراں
چشم وفا کے نم سے پھر نیند ہی نہ آئی