انٹرنیٹ کا محفوظ استعمال کیسے ممکن بنائیں؟ (1)
انٹرنیٹ نے دنیا کو گلوبل ویلج سے گلوبل ہوم بنا دیا ہے۔ لیکن یہ مجازی گھر خطروں سے گھرا ہوا ہے۔۔۔ہر قدم پھونک پھونک کرنا چلنا ہوگا۔ ہم بچوں کو انٹرنیٹ سے دور نہیں کرسکتے ہیں لیکن ان کو محفوظ انٹرنیٹ کی تربیت ضرور دے سکتے ہیں۔ محفوظ انٹرنیٹ کے ایسے کیا طریقے ہیں جن سے والدین اور بچوں کو آگاہ ہونا ضروری ہے۔۔۔؟
ہم جس دور میں سانس لے رہے ہیں اسے ڈیجیٹل ورلڈ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ چوتھے صنعتی انقلاب کے بعد دنیا کو گلوبل ویلیج کا درجہ مل گیا لیکن میٹاورس اور ڈیجیٹل دور نے یہ فاصلے مزید کم کردیے ہیں۔ اب ہم دنیا کو گلوبل ویلج کے بجائے گلوبل ہوم کا نام دے سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل دنیا اب میٹاورس کا روپ دھارنے جارہی ہے۔ اس لیے انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل دنیا ایک حقیقت ہے اس سے چشم پوشی کرنا یا کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرلینا ممکن نہیں ہے۔ یوں سمجھیے کہ طبیعی دنیا (فزیکل ورلڈ) اور مجازی دنیا (ورچوئل ورلڈ) زندگی کے دو پہلو کی طرح ہیں۔ اس لیے ورچوئل دنیا یا ڈیجیٹل دنیا سے ڈرنے یا دور ہونے کے بجائے اس کا مقابلہ کرنے اور بہتر استعمال کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔
انٹرنیٹ بھی ایک صحبت یا مجلس کی طرح ہے
والدین اپنے بچوں کی تربیت کے حوالے سے ان کی صحبت یا دوستوں پر نظر رکھتے ہیں۔ جیسے مشہور مقولہ ہے کہ 'صحبت صالح تُرا صالح کُند اور صحبت طالح تُرا طالع کند' یعنی اچھے کی صحبت تجھے اچھا بنا دے گی اور بُرے کی صُحبت تجھے بُرا بنادے گی۔ یوں سمجھیے کہ انٹرنیٹ، سوشل میڈیا کی صورت میں ایک جدید کی صُحبت (ڈیجیٹل یا مجازی صُحبت) ہی ہے۔ اس لیے مجازی صُحبت بھی نیک ہونی چاہیے۔ اس کے لیے بھی بچوں کی تربیت، نگرانی اور تحفظ کی ضرورت ہے۔
اپنے بچوں پر اعتماد کیجیے
ہمارے ہاں عام طور پر صرف بچوں کی تربیت اور اصلاح پر توجہ دی جاتی ہے اور منبر و مسند پر بھی اسی کا چرچا زیادہ ہے۔ لیکن اصولی طور پر والدین کی تربیت پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایک نیک، خوش اخلاق اور زمانے کے تقاضوں سے آگاہ والد یا والدہ ہی بچے کی صحیح تربیت کرسکتی ہے۔ انٹرنیٹ یا ڈیجیٹل میڈیا سے بچوں کو دور کرنا یا اس کے استعمال پر پابندی لگایا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ بچوں کے دوست بنیے، ان کے لیے نمونہ بنیے اور ان پر اعتماد کیجیے۔
یہ بھی پڑھیے: مستقبل میں انٹرنیٹ کی دنیا میں حیرت انگیز تبدیلی کیا ہوگی؟
انٹرنیٹ کا محفوظ استعمال کیسے کریں؟
ہم انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کرنے کے طریقے، سائبر سکیورٹی کی بنیادی باتیں، والدین کے لیے اور بچوں کے لیے راہنما اصول اور انٹرنیٹ پر فراڈ اور جرائم کو تین اقساط میں بیان کریں گے۔ زیر نظر تحریر میں انٹرنیٹ سے متعلق چند بنیادی باتیں بیان کررہے ہیں:
انٹرنیٹ کے مقاصد
سب سے پہلے تو یہ جانتے ہیں کہ انٹرنیٹ کے مقاصد کیا ہیں، ہم انٹرنیٹ کا استعمال کیوں کرتے ہیں۔ یاد رکھیے انٹرنیٹ ایک ٹول کی طرح ہے۔ آپ اپنے ذوق کے مطابق بہترین، خوب صورت اور نفیس انتخاب کرسکتے ہیں اور اس کے برعکس بھی۔ لیکن انٹرنیٹ کا مفید استعمال زیادہ اور وسیع ہے :
1۔ معلومات کی تلاش کے لیے: جیسے تازہ خبریں، معلوماتِ عامہ (جنرل نالج)، تاریخ (ہسٹری) ، تعلیم و تدریس وغیرہ
2۔ جدید اور مفید چیزیں سیکھنے کے لیے: کسی بھی شعبے یا علم کے بارے میں تازہ تحقیق، جدید تصورات، جدید ٹیکنالوجی اور سائنس کے میدان میں ہونے والی ترقی کے بارے میں جاننا وغیرہ
3۔ باہمی رابطے کے لیے: انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سوشل میڈیا (فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام) استعمال ہوتا ہے۔ باہمی رابطے کے لیے تیز ترین اور موئثر ترین میڈیم ہے۔
4۔ مثبت اور اخلاقی تفریح کے لیے: معلوماتی، تاریخی اور فنونِ لطیفہ سے متعلق ویڈیوز، مضامین، تصاویر وغیرہ
5۔ علم اور روزگار کے لیے: آپ دنیا بھر کی بڑی یونیورسٹیوں اور اداروں سے گھر بیٹھے تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ فری لانسنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آن لائن بزنس اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔
انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کے لیے کیا کرنا چاہیے:
یاد رکھیے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے سب سے بنیادی اصول اس شعبے، فیلڈ اور میدان سے متعلق مکمل جانکاری اور علم حاصل کرنا ہے۔ اگر آپ انٹرنیٹ کا خود بھی محفوظ استعمال کرنا چاہتے ہیں اور بچوں کو بھی اس کے خطرات سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو انٹرنیٹ کی دنیا کی بنیادی معلومات ضرور حاصل کرنی چاہیے۔ یہاں ہم چند اہم پہلو بیان کررہے ہیں:
1۔ انٹرنیٹ ایک اوپن سورس ذریعہ ہے
انٹرنیٹ ایک اوپن سورس ذریعہ (میڈیا) ہے یعنی اس پر دنیا جہاں سے کوئی بھی انسان یا سسٹم معلومات کو مسلسل شامل کررہا ہے۔ یاد رکھیے انٹرنیٹ پر موجود ہر چیز یا معلومات درست، مستند یا قابل اعتبار نہیں ہے۔ یہاں پر بھی حقیقی دنیا کی طرح فراڈ، جرائم ، جھوٹ ، غلط بیانی کے امکانات موجود ہیں۔ اس لیے انٹرنیٹ پر اندھا اعتماد اور بے احتیاطی نقصان کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے۔ اس لیے انٹرنیٹ پر کون سے ذرائع (ویب سائٹ، سوشل میڈیا وغیرہ) مستند اور قابل اعتبار ہیں، اس کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔ (اگلی قسط میں ہم اس پر کچھ بنیادی باتوں کا ذکر کریں گے)
یہ بھی پڑھیے: انٹرنیٹ پر قتل کی واردات کی ایک سچی کہانی
2۔ سائبر سکیورٹی سے متعلق آگہی
انٹرنیٹ پر بھی دھوکہ دہی، فراڈ اور جرائم پیشہ افراد موجود ہیں۔ انٹرنیٹ پر محفوظ رہنے، دھوکہ دہی سے بچنے اور جرائم پیششہ افراد کے چنگل میں پھنسنے کے طریقوں کو 'سائبر سکیورٹی' سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ والدین اور اساتذہ کو لازمی طور پر سائبر سکیورٹی سے آگہی حاصل کرنی چاہیے۔ اس متعلق یوٹیوب پر مفید ویڈیوز اور کورسز موجود ہیں۔ (اس کا ہم آگے ذکر کریں گے)
جاری ہے۔۔۔ اگلی قسط میں والدین کے لیے انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کے لیے راہنما اصول بیان کیے جائیں گے۔ ان شاءاللہ