کیا امتحان کے لیے پورا نصاب پڑھنا چاہیے یا صرف نصاب کے اہم حصے پڑھنے چاہئیں؟
کیا امتحان کے لیے پورا نصاب پڑھنا چاہیے یا صرف نصاب کے اہم حصے پڑھنے چاہئیں؟
میرا یقین اس بات پر ہے کہ طلباء کو پورا نصاب پڑھنا چا ہیے اور امتحان میں بھی پورے نصاب میں سے سوال کا جواب دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں ایسے طلباء موجود ہیں جو سارے سال نہیں پڑھتے۔ بس امتحانوں کے نزدیک چیدہ چیدہ مضامین تیار کر کے امتحان دے دیتے ہیں پھر اگر پرچہ توقع سے تھوڑا مختلف ہو جائے تو امتحان کے وقت ہنگامہ برپا کر دیتے ہیں۔ یہ سارے سال کا کام ٹال کر آخری وقت پر کرنے کا نتیجہ ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں کچھ ایسے اساتذہ بھی موجود ہیں جو کورس کے کچھ حصے نہیں پڑھاتے اور طلبا کو تسلی دے دیتے ہیں۔" یہ امتحان میں نہیں آئے گا۔ جب ایسا حصہ امتحان میں آجائے تو طلباء بر ہم ہو جاتے ہیں اور کبھی واک آؤٹ بھی کردیتے ہیں۔
ویسے اساتذہ کی اپنی مجبوریاں اور پریشانیاں کافی ہیں۔ خاص طور پر پاکستان میں اساتذہ کی عزت اور مقام ان کے حق سے بہت کم ہے۔
اس کے علاوہ تنخواہوں کی کمی، درسگاہوں اور یونیورسٹیوں کی سیاست اور سازشوں میں اکثر استاد پس ہوتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اساتذہ کی عزت اور تنخواہیں بڑھائیں۔ ”تعلیم دینا شب بیداری سے بڑی عبادت ہے ۔" (حدیث رسول پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کیا وجہ ہے کہ پاکستان میں ان عظیم انسانوں کی عزت بہت تھوڑی ہے؟ اس افسوسناک صورت حال کو جلد بدلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ دوسری طرف اساتذہ کو بھی چاہیے کہ اگر دل سے انہیں طلباء و طالبات سے محبت ہو اور تعلیم کا پیشہ عزیز ہو تبھی یہ پیشہ اپنائیں ورنہ کوئی اور پیشہ اختیار کر لیں۔
اساتذہ کو محنت اور شوق سے زیادہ سے زیادہ کورس پڑھانا چاہیے ۔ جو حصے وہ وقت کی کمی کی وجہ سے نہ پڑھا سکیں انہیں چاہیے کہ طلباء کو تاکید کریں کہ وہ حصے خود پڑھ لیں۔
طلباء کی بھی زمہ داری ہے کہ وہ نصاب کی پوری تفصیلات حاصل کریں اگر پورے سال باقئدگی سے پڑھا ہوتو اس آخری وقت میں چیدہ چیدہ مضامین تیار کر لینا مناسب ہے۔ پچھلے سالوں کے احتمانی پر چے ضرور حاصل کریں اور انھیں حل کریں۔ اس آخریوقت میں زیادہ وقت ان مضامین کو دیں جو بار بار امتحانوں میں پوچھے جاتے ہیں۔ اگر کم اہم مضامین بھی امتحان میں آ گئے تو آپ اپنی سارے سال کی باقاعدہ پڑھائی کی وجہ سے انہیں بھی خوبی سے جواب دے سکیں گے انشاء اللہ۔Multiple Choice Question والے امتحانوں کے لیے پورے نصاب کی تیاری کریں۔