انسانی جسم کے چند دل چسپ گنیز ورلڈ رکارڈ

گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے بارے میں آپ سب بخوبی جانتے ہیں۔ اس میں دنیا بھر سے منفرد ریکارڈ شامل کئے جاتے ہیں۔ آج ہم آپ کے سامنے ان میں سے چند دلچسپ ریکارڈ پیش کرتے ہیں۔

1۔ دنیا کی سب سے لمبی ناک 

ان سے ملئے۔ یہ     مہمت اوزیریک(Mehmet Özyürek) ہیں جن کا تعلق ترکی سے ہے۔ ان کی ناک اس وقت دنیا کی سب سے لمبی ناک شمار کی جاتی ہے جس کی لمبائی 8.8 سینٹی میٹر ( 3.46 انچ) ہے۔ 13 نومبر 2021 کو ان کا نام دنیا کی سب لمبی ناک والے شخص کے طور گینز بک میں درج کیا گیا  ۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ  18 مارچ 2010 کو اٹلی میں جب  ایک شو کے دوران پہلی بار ان کی ناک کی پیمائش کی گئی تو اس کے بعد سے ان کی ناک کی لمبائی میں ہونے والا اضافہ رک گیا تھا۔  

مہمت اوزیریک کا کہنا ہے کہ"میں اپنی ناک سے بہت خوش ہوں اور میرا اسے تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ مجھے ہمیشہ یہ احساس ہوتا تھا کہ میں اپنی ناک کی وجہ سے نئی جگہوں پر جاؤں گا اور کچھ خاص  بنوں گا۔"

           

2۔دنیا کا سب سے چوڑا منہ

یہ ہیں مسٹر فرانسسکو ڈومنگوس جواکیم (FRANCISCO DOMINGOS JOAQUIM)جن کا تعلق  انگولاسے ہے۔ سے ہے۔ ان کے منہ کے دہانے کی کل چوڑائی 17 سینٹی میٹر (6.69 انچ) ہے۔ یہ پیمائش بھی 18 مارچ 2010 کو ایک شو کے دوران ہی کی گئی تھی۔

شاید ایسے ہی کسی شخص کے بارے میں یہ لطیفہ بنایا گیا تھا کہ، ایک ڈینٹسٹ نے دانتوں کا معائنہ کرنے کے لیے مریض کو منہ کھولنے کا کہا۔ مریض نے کچھ زیادہ ہی منہ کھول لیا۔ ڈاکٹر نے مسکرا کر کہا کہ اتنا منہ کھولنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں باہر بیٹھ کر ہی معائنہ کروں گا۔ 

 

3۔سب سے لمبی زبان والی عورت

اردو ادب میں زیادہ بولنے والی خاتون کے لیے "گز بھر کی زبان" کا محاورہ بولا جاتا ہے۔ یہ بات کسی حد تک  مس     چینل ٹیپرپر پوری اترتی ہے۔ ان کا تعلق کیلیفورنیا (امریکہ) سے ہے۔ ان کی زبان کی لمبائی 9.75 سینٹی میٹر (3.8 انچ) ہے۔ تاہم یاد رہے کہ لمبائی کی یہ پیمائش صرف زبان کی نوک سے ہونٹ کے وسط تک کی جاتی ہے۔  (زبان کی کل لمبائی کے لیے شاید اردو والا وہ محاورہ ہی فٹ رہے گا)۔ یہ پیمائش 29 ستمبر 2010 کو کی گئی۔  

 

4۔سب سے لمبی زبان والا مرد

لیجئے جناب ! زبان کی لمبائی والے معاملے میں اب مردوں نے عورتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے کیونکہ گینز بک کے ریکارڈ کے مطابق      نک اسٹوبرل نامی اس شخص کی زبان 10.1 سینٹی میٹر (3.97 انچ) لمبی ہے۔ 27 نومبر 2012  کو کیلیفورنیا میں کی گئی پیمائش میں امریکہ کے نک اسٹوبرل  کو دنیا کی سب سے  لمبی زبان والا شخص قرار دیا گیا۔ 

 

  5۔سب سے زیادہ آنکھیں نکالنے کا ریکارڈ

             جب ہمیں کسی شخص پر غصہ آتا ہے تو ہم اس پر آنکھیں نکالتے ہیں۔ اس حالت میں ہماری آنکھوں کے ڈیلے (eyeballs ) قدرے باہر کو نکل آتے ہیں۔ ان ڈیلوں کا زیادہ باہر نکلنا زیادہ غصے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ان ڈیلوں کا باہر نکلنا (pop  of  eyeballs)بھی ایک خصوصی وصف سمجھا جاتا ہے اور اس ریکارڈ کی حامل     کم گڈمین(KIM GOODMAN) نامی خاتون ہیں۔ (ویسے یہ ریکارڈ کسی خاتون کو ہی جچتا ہے) کم گڈ مین اپنی آنکھوں کے ڈیلوں کو 12 ملی میٹر (0.47 انچ )تک باہر نکال سکتی ہیں۔  کم گڈ مین کا تعلق امریکہ سے ہے اور ان کی آنکھوں کی یہ پیمائش 2 نومبر 2007 کو استنبول (ترکی )میں کی گئی۔

"ڈیلے کے باہر نکلنے " کی پیمائش ایک تکنیکی اصطلاح ہے جسے ماہر امراض چشم   "پروپٹو میٹر" (proptometer ) نامی ایک آلے کے ذریعے کرتے ہیں۔

 کم گڈمین نے اپنی اس صلاحیت  کو اس وقت اتفاقا  دریافت کیا جب اسے  کیو نامی ایک شخص نے سر پر ہاکی دے ماری تھی۔کم گڈ مین نے غصے میں جب اس پر آنکھیں نکالیں تو وہاں موجود سب لوگ خوف زدہ ہو گئے۔

 

6۔دنیا کا سب سے لمبا آدمی

یہ ہیں جناب     سلطان کوسن جن کا تعلق انقرہ (ترکی) سے ہے۔ یہ اس وقت دنیا کے سب طویل القامت شخص ہیں۔ ان کا موجودہ قد 8 فٹ 3 انچ (251 سینٹی میٹر) ہے۔ انھیں 8 فروری 2011 کو دنیا کا طویل القامت شخص قرار دیا گیا تھا۔

طبی تاریخ کا سب سے لمبا آدمی جس کے بارے میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں وہ رابرٹ پرشنگ وڈلو تھا جس کا تعلق امریکہ سے تھا۔ 1940 میں کی گئی پیمائش کے مطابق اس کا قد 8 فٹ 11 انچ (2.72 میٹر)تھا۔

7۔دنیا کا سب سےزیادہ عمر پانے والی شخصیت

گینز بک کے مطابق جین لوئس کالمنٹ اس وقت دنیا کی سے زیادہ طویل عمر پانے والی شخصیت تھیں۔ان کی وفات 1997ء میں ہوئی۔ وفات کے وقت ان کی عمر 122 سال 7 ماہ  تھی۔ ان کا تعلق فرانس سے ہے۔

جبکہ زندہ طویل العمر شخصیت کا اعزاز  لیوسیل رینڈن کو حاصل ہے۔ وہ فرانس میں سسٹر آندرے کے نام سے مشہور ہیں۔ 25اپریل 2022ء کو گنیزورلڈ ریکارڈ  کے ٹویٹ کے مطابق ان کی عمر  118 سال  73  دن ہے۔

8۔سب سے طویل سانس روکنے کا ریکارڈ

            عام آدمی شاید دو منٹ سے زیادہ سانس نہیں روک سکتا جبکہ مسلسل مشق کرنے والے سانس روکنے کے دورانئے کو پانچ منٹ تک لے جا سکتے ہیں لیکن گینز بک کے مطابق، 27 مارچ 2021 کو کروشیا کے شہر سیساک میں  بڈیمیر شوبٹ  (Budimir Šobat)نےحیرت انگیز  طور پر سب سے طویل دورانئے تک سانس روکنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ انھوں نے  24 منٹ36 سیکنڈ  تک سانس روکنے کا مظاہرہ کر کے گینز بک میں اپنا نام درج کرا لیا۔

متعلقہ عنوانات