ہولی
لو آیا ہولی کا تیوہار
خوشی میں جھوم اٹھا سنسار
وہ دیکھو ہولکا جلتی جائے
جہاں میں سچائی رہ جائے
لو جیتا اب پرہلاد کمار
ہوئی ہرناکشیپ کی ہار
جلا اب جھوٹ بچا ہے سانچ
نہیں ہے سانچ کو کوئی آنچ
سبھی اب ہولی گاتے ہیں
خوشی سے ناچتے جاتے ہیں
بچھا ہے روپ رنگ کا جال
مہکتے عنبر عود گلال
خوشی میں سب بچے نر ناری
چلائیں رنگوں کی پچکاری
کسی پر بھنگ کی مستی چھائے
تو کوئی اب مدرا چھلکائے
وہ چھیڑے سازوں نے سرگم
تو آؤ ناچیں چھم چھم چھم
لو آیا ہولی کا تیوہار
خوشی میں جھوم اٹھا سنسار