بیروت حملے میں حسن نصراللہ ہلاک ہوگئے ، اسرائیلی فوج ۔حزب اللہ نے شہادت کی تصدیق کردی۔ لبنانی میڈیا

بیروت حملے میں حسن نصراللہ ہلاک ہوگئے ، اسرائیلی فوج ۔حزب اللہ نے شہادت کی تصدیق کردی۔ لبنانی چینل 
اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل نادو شوشانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹویٹ کیا ہے کہ حسن نصراللہ ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نےیہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے دحیہ میں بڑے فضائی حملے میں حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے کمانڈر علی کرکی اور حزب اللہ کے دیگرکمانڈرز بھی مارے گئے ہیں۔ اسرائلی فوج نے حسن نصراللہ کی بیٹی زینب نصراللہ کو بھی مارنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

یہ پڑھیں: حسن نصراللہ کون تھے اورآخری بار کب نظر آئے تھے؟
لبنانی وزارت صحت کے مطابق بمباری میں کل 6 افراد ہلاک اور 91 زخمی ہوئے، جس میں 6 اپارٹمنٹس مکمل طورپر تباہ ہوگئے۔ آج بھی بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں اور لبنان کے دیگر علاقوں پر اسرائیلی وحشیانہ فضائی حملے جاری ہے۔ 
حملے کے بعدحسن نصر اللہ کے قریبی ذریعے نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔تاہم ہفتے کو حزب اللہ ذرائع نےپہلے تردیدکی اور پھرکچھ دیر قبل حزب اللہ کے لبنانی چینل المنار پرحسن نصراللہ کی شہادت کا اعلان کیا گیا ۔
 حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے۔ حزب اللہ کا کہنا تھاکہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی، غزہ اور فلسطین کی حمایت،  لبنان کے دفاع کیلئے اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی سفارتخانوں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ خطے میں اپنی حفاظت کے لیے تمام ضروری اور مناسب اقدامات اُٹھائیں۔
ایران کی طرف سے ابھی تک اس حملے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے اب تمام نگاہیں ایران پرہیںکہ وہ اس حملے پر کیا ردِعمل دینگے۔

متعلقہ عنوانات