حمد کے معنی

گھر سے جا کر روز سویرے
مکتب آ کر روز سویرے
جو نغمے گاتے ہو اکثر
گا کر لہراتے ہو اکثر
ہے تو وہ بھی حمد خدا کی
حمد خدائے ارض و سما کی
لیکن وہ تعریف بھی کیا ہے
صرف زباں پر جس کی صدا ہے
معنی ہیں یہ حمد خدا کے
حمد خدائے ارض و سما کے
رب کے نام میں ہے جو نیکی
وہ ہم میں پیدا ہو نیکی
نام ہوں رب کے جس سے روشن
کام ہوں رب کے جس سے روشن
کرتا ہے وہ احساں سب پر
کیا عاقل کیا ناداں سب پر
ہم بھی ڈالیں خوئے احساں
ہم میں بھی ہو بوئے احساں
راجہ یا کنگال ہو کوئی
گورا ہو یا لال ہو کوئی
اس کی نظر میں سبھی برابر
اس کے گھر میں سبھی برابر
ہم بھی برابر جانیں سب کو
ہم بھی برابر مانیں سب کو
رعب نہ مانیں دھن دولت کا
فرق نہ جانیں دھن دولت کا
مظلوموں کا حامی ہے وہ
معصوموں کا حامی ہے وہ
ہم بھی لوگوں کے کام آئیں
ان کے ہر دکھ کو اپنائیں
ہندو مسلم سکھ عیسائی
امی ابا بہنا بھائی
یہ تو ہیں سب نام ہمارے
دیکھتا ہے وہ کام ہمارے
اچھا کام ہے اس کو پیارا
نیک انجام ہے اس کو پیارا
ہم بھی سب کا رتبہ مانیں
ہم بھی سب کو اچھا جانیں
جن لوگوں کے کام ہیں اچھے
کاموں کے انجام ہیں اچھے
برے بھلے سے واقف ہے وہ
کھلے ڈھکے سے واقف ہے وہ
ہم بھی اپنا علم بڑھائیں
قدرت کے رازوں کو پائیں
ظالم سے ہے بیر خدا کو
پرمیشور کو ان داتا کو
بس پھر ہم پر فرض یہی ہے
زیبؔ کی تم سے عرض یہی ہے
اپنوں پر کیا بیگانوں پر
رحم کرو سب انسانوں پر
اچھے انساں بن کے دکھا دو
حمد کے معنی سب کو بتا دو