ہم اپنی زندگی کے لیے شکر گزار ہیں

اپنی زندگی کے لیے
ہم ایک قتل کے شکر گزار ہیں
جسے مؤخر کر دیا گیا


ورنہ ایک محبت تھی
جو ہم نے دل میں چھپا کر رکھی ہوئی تھی
اور ایک نفرت تھی
جس کا پتا ہم کسی کو نہیں لگنے دیتے تھے


ورنہ ہم نے
وہی قصور کیے تھے جو
مارے جانے والوں نے کیے تھے
ورنہ ہمارے باپوں
ہمارے جانے کی وجہ
ہمارے برتھ سرٹیفیکٹ میں درج کرا دی تھی
اپنی زندگی کے لیے ہم
ایک قتل کے شکر گزار ہیں
جسے مؤخر کر دیا گیا
ورنہ ہمیں صرف
ایک خودکشی کا ممنون رہنا پڑتا
جو ہم نے ملتوی کر رکھی تھی