حج 2022ء: عازمینِ حج کی سہولت کے لیے دو موبائل ایپس کا استعمال لازمی قرار
سعودی حکومت نے عازمین حج کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں ایک دو موبائل ایپلی کیشن کا اجراء بھی شامل ہے۔ ان ایپس کی مدد سے عازمینِ حج پرسکون ماحول اور آسانی کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں گے۔
ہر سال فریضہء حج کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے 2020ء اور 2021ء میں بالترتیب ایک ہزار اور ساٹھ ہزار افراد کو حج کی اجازت دی گئی۔ رواں برس کورونا وائرس کے بعد پہلی بار دس لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ رواں برس سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے عازمین حج و عمرہ کے لیے سہولیات اور بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ کورونا وائرس کے تکلیف دہ تجربے کے بعد ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی اہمیت اور ضرورت میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی تناظر میں سعودی حکام نے رواں برس مارچ میں عمرہ اور حج کے مہمانوں کے لیے دو موبائل ایپلی کیشن (ایپ) کا اجراء کیا۔ ان ایپس کے ذریعے حرمین (مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ) میں داخلے، عمرہ کی اجازت اور دیگر مناسک کی ادائیگی کے لیے بذریعہ موبائل مطلع کیا جائے گا۔یعنی دھکم پیل، رش کی پریشانی اور تھکاوٹ کے بغیر حج کے مناسک کی ادائیگی کی جاسکے گی۔ ہم آگے ان دونوں ایپس کے بارے میں تفصیلی ذکر کریں گے۔
وزارت مذہبی امور و مذہبی ہم آہنگی نے حج 2022ء کے لیے جو ہدایات جاری کیں ان میں 'عازمین حج کے لیے سمارٹ فون کی لازمی شرط' بھی شامل ہے۔
Smart apps for a smooth Hajj Journey 📱🕋#Makkah_and_Madinah_Eagerly_Await_You pic.twitter.com/lB1uWeYx6U
— Ministry of Hajj and Umrah (@MoHU_En) July 6, 2022
سعودی عرب کی جانب سے عازمینِ حج کے لیے جاری کردہ ہدایات:
1۔ تمام عازمین، حج کے پاس ذاتی سمارٹ فون ہونا لازمی ہے۔
2۔عازمینِ حج کو ان کی روانگی سے قبل لازمی موبائل ایپس (توکلنا اور اعتمرنا) کے استعمال کو سیکھنا ضروری ہے۔
3۔ سعودی عرب آمد کے بعد لوکل موبائل سم اور انٹرنیٹ پیکج لازمی خریدنا ہوگا۔
4۔ فرض عمرے، طواف اور حرم میں دیگر نمازوں کی ادائیگی کے لیے موبائل ایپلی کیشن سے اجازت لینا ہوگی جو سمارٹ فون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
توکلنا ایپ (صحت سے متعلق اپ ڈیٹ کے لیے)
یہ ایپ کورونا وائرس کے پیش نظر ویکسین،پی سی آر ٹیسٹ اور دیگر میڈیکل چیک اپ کی معلومات کی اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس ایپ میں عازمینِ حج کی ذاتی صحت ، کورونا ویکسی نیشن اور دیگر ٹیسٹ کی رپورٹ کی معلومات درج ہوگی۔ مزید ازاں سعودی حکومت کی طرف سے صحت کی سہولیات، کورونا ویکسی نیشن اور صحت سے متعلق اپ ڈیٹ کے علاوہ احتیاطی تدابیر اور بیمار ہونے کی صورت میں چیک اپ کا طریقہ کار بھی عازمِ حج کو بتایا جائے گا۔ اس ایپ کو گوگل پلے سٹور سے انسٹال کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایپ پر تمام عازمینِ حج کا رجسٹر ہونا ضروری ہے۔
اعتمَرنا ایپ (عمرہ،طواف اور حرم میں داخلے کے لیے اجازت لینے کے لیے)
یہ ایپ عازمینِ حج کو دورانِ حج رش اور دیگر پریشانیوں سے بچانے اور ان کو سہولت پہنچانے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
1۔ اس ایپ کے ذریعے فرض عمرے، طواف، حرم میں دیگر نفلی نمازوں کی ادائیگی کے لیے اجازت لے سکے گا۔
2۔ اس ایپ میں حرم میں لوگوں کے ہجوم کی مسلسل اپ ڈیٹ دی جائے گی۔
3۔ حاجی اپنی سہولت کے مطابق حرم میں داخلے، عمرے اور طواف کی ادائیگی وغیرہ کا وقت منتخب کرسکتا ہے۔
4۔ حاجی کو روضہ رسول ﷺ پر حاضری اور ریاض الجنہ میں نوافل کے لیے ایپ پر وقت بتایا جائے گا۔ اس کے مطابق وہ اپنی باری پر وہاں آسانی سے حاضری دے سکے گا۔