گماں
بس ایک چھوٹی سی بحث پر ہی چلے گئے ہو
کنارہ کر کے
بہت سے دعوے کیے تھے تم نے
میں پہلے دن سے ہی جانتا تھا
تمام دعوے ہیں وقتی جذبوں کے زیر سایہ
کبھی کہا تو نہیں یہ لیکن
میں جانتا تھا
تمہیں محبت نہیں ہے مجھ سے
فقط گماں ہے
میں مانتا ہوں کہ پیار آتا تھا مجھ پہ تم کو
سو پیار آنے کو پیار ہونا سمجھ رہے تھے
مگر جو آتا ہے جان میری
تو اس کا جانا بھی طے ہی سمجھو
بس ایک چھوٹی سی بحث پر ہی چلے گئے ہو