گڈو
پھول سا نازک بیل سا کومل
ننھا منا گڈو اپنا
دنیا کے چہرے کی رونق
فطرت کی آنکھوں کا سپنا
صورت اس کی بھولی بھالی
گال ہیں اس کے گورے گورے
جسم ہے یا پھولوں کی ڈالی
بال ہیں یا ریشم کی ڈورے
اس کی دنیا پیار کی دنیا
اس کی باتیں پیار کی باتیں
بچپن کے ہیں سمے سہانے
ہنستے دن اور ہنستی راتیں
کاش اس کی شفاف جبیں پر
رنج و الم کی گرد نہ چھائے
کاش یہ دنیا ظالم دنیا
اس پر کوئی ظلم نہ ڈھائے
میرے بس کی بات اگر ہو
میں نہ جواں ہونے دوں اس کو
یوں ہی خوشیوں کے جھولے میں
ہنستا گاتا دیکھوں اس کو