گو اس سے اضطراب میں ہے جان زندگی
گو اس سے اضطراب میں ہے جان زندگی
پھر بھی یہ درد عشق ہے شایان زندگی
اچھا ہوا کہ موت نے مجھ کو مٹا دیا
میں داغ ننگ تھا سر دامان زندگی
نغمے سمجھ رہا ہے انہیں نا سخن شناس
مجموعہ مرثیوں کا ہے دیوان زندگی
آہوئے تشنہ اور فریب سراب دشت
انسان اور عیش گریزان زندگی
پایا کہیں نہ گوہر مقصود کا نشاں
چھانی بہت ہے خاک بیابان زندگی
تسکین دل بہ جز غم الفت کہیں نہیں
ثابت ہوا کہ درد ہے درمان زندگی
محرومؔ کس کے نوک قلم کا ہے شاہکار
افسانۂ فراق بہ عنوان زندگی