گھر بیٹھے ورزش کرنا سیکھیے

اکثر سوال پوچھا جاتا ہےکہ ہم اپنی فٹنس کے لئے ایسا کیا کریں جس سے ہماری صحت اچھی رہے؟

اس  کے لیے ورزش سے بہتر طریقہ اور بھلا کیا ہوسکتا ہے؟

 

لہٰذا ورزش کو اپنے روزانہ کے معمول میں شامل رکھیں تاکہ آپ کا اسٹیمنا، جسمانی لچک و قوت مدافعت اور قوت برداشت نہ صرف برقرار رہے بلکہ اس میں اضافہ بھی  ہوتا رہے۔

مزید یہ کہ ورزش کی بدولت آپ  اپنے جسم کی کیلوریز بھی گھٹا سکیں گے۔

اور اس کے لئے ضروری نہیں کہ آپ جِم  ہی جائیں ، آپ گھر پر بھی ایکسرسائز کر سکتے ہیں۔

 آئیے ، ہم   آپ کو چند آ سان ورزشوں کے طریقے بتاتے ہیں ، جنہیں آپ کسی مشین وغیرہ کے بغیر گھر پر بھی انجام دے سکتے ہیں۔

سب سے پہلے آپ کے لیے یہ جاننا اہم ہے کہ اگر ہفتے میں چار سے پانچ روز ورزش کی خاطر آ دھا گھنٹہ بھی نکال لیں تو اس کی بدولت آپ ایک صحت مند جسم اور پرکشش شخصیت کے مالک بن سکتے ہیں۔

 ورزش کی ابتدا ہمیشہ ہلکے پھلکے وارم اپ ورزش سے کریں

فوائد

 اس سے آپ کے جسم کی لچک میں اضافہ ہو گا اور آپ کسی بھی موچ یا چوٹ وغیرہ سے بچے رہیں گے۔ یہی نہیں بلکہ وارم اپ ورزش کی بدولت آپ کے دوران خون میں اضافہ ہوتا ہے۔ جوڑ، پٹھے کھل جاتے ہیں اور ریڑھ کی ہڈی کے علاوہ گھٹنوں کی حرکات میں بہتری آ تی ہے۔

 ورزش کی ابتدا

Spot Jogging

  یعنی ایک ہی جگہ کھڑے رہتے ہوئے جوگنگ کے انداز میں حرکت کریں۔ اس کے علاوہ ہلکی پھلکی جمپنگ کریں، دائیں بائیں جھکیں ، آ گے جھک کر پیروں کے انگوٹھے چھوئیں۔ کمر کے بل پیچھے کی جانب جھکیں اور گردن کو دائیں بائیں حرکت دیں۔ مزید یہ کہ اگر گھر کے قریب کوئی  پارک ہے تو اس میں چہل قدمی کرنا، دوڑنا، سائیکل چلانا اور سیڑھیاں چڑھنا یا  اترنا بھی بہترین وارم اپ ورزشیں ہیں

کِک مارنے کی پریکٹس ، اکڑوں بیٹھنا اور اٹھنا یا گھوڑا دوڑانے کی پوزیشن اختیار کرنا، نچلے دھڑ اور ٹانگوں کی خوبصورتی اور مضبوطی کے لیے اچھی ورزشیں ہیں

فرش پر لیٹ کر سائیکل چلانا، لیٹ کر اور دونوں ہاتھ سر کے نیچے رکھ کر بغیر کسی سہارے کے اٹھ بیٹھنا، دیوار پر دونوں ہاتھ لگا کر دیوار کو دھکا دینے کی کوشش کرنا، لیٹ کر دونوں بازو فرش پر رکھنا اور گھٹنے موڑ کر کمر کو اوپر اٹھانا۔ سر کے پیچھے دونوں ہاتھ رکھ کر کروٹ لینے کے انداز میں دائیں بائیں سر کو موڑنا۔ یہ سب پیٹ اور کمر کے پٹھوں کے لیے انتہائی مفید ورزشیں ہیں۔

اگر آپ نے یوگا سیکھا ہے تو یہ آپ کی جسمانی، ذہنی اور روحانی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے بہترین اورمکمل ورک آ وٓ ٹ ہے۔ لہٰذا آپ یوگا کے مختلف آ سن اختیار کرکے اپنی قوت، اسٹیمنا، لچک اور جسمانی خوبصورتی میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔

 

 ورزش کا اختتام 

Stretching

 اسٹریچنگ والی  ورزشیں بہت اہم ہیں

ان ورزشوں میں بازوؤں کو دونوں اطراف میں پھیلا کر کمر کو دائیں بائیں حرکت دینا، بازوؤں کو سر کے اوپر لے جانا اور ٹوئسٹ کرنا وغیرہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ تمام ورزشیں جوآپ  نے اپنے اسکول کے پی ٹی پیریڈ اور اسکول اسمبلی میں سیکھی ہوں انہیں ذہن میں تازہ کریں۔ کیونکہ وہ سب بھی بہترین وارم اپ اسٹریچنگ ورزشیں ہیں۔

فوائد

اسٹریچنگ ایکسرسائز  سے جسم میں کھنچاؤ اور لچک پیدا ہوتی ہے۔

اسٹریچنگ ہمارے وزن کی کمی ہونے کے بعد کھال لٹکنے کے خدشے کو ختم کرتی  ہے۔

 

متعلقہ عنوانات