گلے پڑا مہمان
اک روز گھر جمے ہوئے مہمان سے کہا
رسوا ہوا کہ آپ کی خدمت نہ کر سکا
کہنے لگے کہ ایسا نہیں ہے جناب من
بھابھی مجھے کھلاتی رہیں مرغ اور مٹن
افراد خانہ آپ کے سب بے گزند ہیں
بیٹے بھی تینوں آپ کے مجھ کو پسند ہیں
میں نے کہا کہ پھر بھی مرے دل کو ہے یقیں
خاطر نہ کوئی کر سکا میں آپ کے تئیں
زحمت ہوئی ہے اب نہ کبھی آپ آئیں گے
بولے ضرور آؤں گا جب بھی بلائیں گے
میں نے کہا کہ مرغ مٹن یوں ہی کھاؤ گے
جب جاؤ گے نہیں تو بھلا کیسے آؤ گے