فروغ فرخ زاد کے لیے ایک نظم

مصاحب شاہ سے کہو کہ
فقیہہ اعظم بھی آج تصدیق کر گئے ہیں
کہ فصل پھر سے گناہ گاروں کی پک گئی ہے
حضور کی جنبش نظر کے
تمام جلاد منتظر ہیں
کہ کون سی حد جناب جاری کریں
تو تعمیل بندگی ہو
کہاں پہ سر اور کہاں پہ دستار اتارنا احسن العمل ہے
کہاں پہ ہاتھوں کہاں زبانوں کو قطع کیجئے
کہاں پہ دروازہ رزق کا بند کرنا ہوگا
کہاں پہ آسائشوں کی بھوکوں کو مار دیجے
کہاں بٹے گی لعان کی چھوٹ
اور کہاں پر
رجم کے احکام جاری ہوں گے
کہاں پہ نو سالہ بچیاں چہل سالہ مردوں کے ساتھ
سنگین میں پرونے کا حکم ہوگا
کہاں پہ اقبالی ملزموں کو
کسی طرح شک کا فائدہ ہو


کہاں پہ معصوم دار پر کھینچنا پڑے گا
حضور احکام جو بھی جاری کریں گے
فقط التجا یہ ہوگی
کہ اپنے ارشاد عالیہ کو
زبانی رکھیں
وگرنہ
قانونی الجھنیں ہیں!