ایلیٹس گرلز کالج اور کل پاک و ہند مشاعرہ
ایک ایسے دور میں اقدار پر جب ہے سوال
محفل شعر و ادب کرنا ہے اک امر محال
محفل شعر و سخن اور وہ بھی انٹرنیشنل
ہے انہی کا کام جن سے اب بھی زندہ ہے غزل
ہے ادب زندہ کہ کچھ ''خدام'' ایسے اب بھی ہیں
خدمت اردو کو جن کے پاس پیسے اب بھی ہیں
یہ ادارے بھی نہ کرتے کام اگر فانوس کا
کچھ نہ پوچھو حال کیا ہوتا دل مایوس کا
یہ ادارے بھی نہ ہوں گے جب تو ہے اس کا بھی ڈر
چلتی پھرتی شاعری ہوگی یہاں ہر روڈ پر
گشتی شاعر روڈ پر جا کر لگائے یہ صدا
شعر سن لو روڈ پر حاضر ہے خادم آپ کا
شعر سن لو ایک مصرعہ بھی نہیں جس میں غلط
پیسے دینا یا نہ دینا داد دے دینا فقط
ٹھیلے پر دیوان لایا ہے یہ شخص اس سے ملو
اس کی غزلوں کا نیا مجموعہ دو روپے کلو
کام لو شاعر سے خدمت جس کا قومی فرض ہے
روڈ پر آ کر وہ خود کہتا ہے مطلع عرض ہے
قافیے کی چول ڈھیلی ہے تو کسوا لو ابھی
ہل رہی ہیں جو ردیفیں ہم سے ٹھکوا لو سبھی
آج یہ منظر نظر آتے نہیں جو چار سو
وجہ اس کی کچھ ادارے ہیں ادب کی آبرو
وہ ادارے ہیں جو اب بھی سر پرست شعر و فن
ان میں ہے ایک ایلیٹ کالج بھی معمار وطن
تابشؔ و کیفیؔ قتیلؔ و بیدی و احمد ندیمؔ
ایلیٹ کالج میں آیا ہے جو شاعر ہے عظیم
ایلیٹ کالج میں یوم فیضؔ منوایا گیا
یاں رئیسؔ امروہوی کو یاد فرمایا گیا
ایلیٹ کالج ہی وہ واحد ادارہ ہے یہاں
زیر تعلیم اب جہاں ہیں لڑکیاں ہی لڑکیاں
دور آمیزش میں جب ہر چیز میں ہے امتزاج
ایلیٹ کالج میں خالص لڑکیاں پڑھتی ہیں آج
ایلیٹ کالج سے پایا ہے جو سیدھا راستہ
لڑکیاں ہیں زیور تعلیم سے آراستہ
دور حاضر میں تو ہر ماں باپ کی ہے یہ دعا
لڑکی دے تو ایلیٹ کالج میں پڑھوائے خدا
مجھ سے کل یہ کہتا تھا ایک ایجوکیٹڈ ایڈیٹ
ایلیٹ کالج کے بانی ہوں گے ٹی ایس ایلیٹ
میں نے اس کو جب بتایا شوکت زیدی کا نام
بولا پھر ان دونوں نے مل کر کیا ہوگا یہ کام
کون سمجھائے اسے جس میں کمی نالج کی ہے؟
شان و شوکت شوکت زیدی سے اس کالج کی ہے