اعجاز پٹیل کی دس وکٹیں

اعجاز یونس پٹیل دنیائے کرکٹ کے تیسرے ایسے باؤلر بن گئے جنہوں نے ایک اننگ میں دس کی دس وکٹیں حاصل کیں۔

نیو زی لینڈ کے ابھرتے ہوئے اسپنر ، اعجاز  ، اپنی بہترین باؤلنگ، اور شاندار  صلاحیت کے بل بوتے پر  ایک ناقابلِ تسخیر ریکارڈ کے مالک بن گئے۔

 

اس سے پہلے انگلینڈ کے جم لیکر نے 1956 میں آسٹریلیا کے خلاف مانچسٹر کے سٹیڈیم میں 51.2 اوورز میں 53 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

جم لیکر 42 سال تک اس منفرد اعزاز کے بلا شرکتِ غیرے مالک رہے ۔ اس عرصے میں بہت سے کھلاڑی  اس اعزاز کو حاصل کرنے کے قریب آئے لیکن کوئی بھی 9 سے زائد وکٹس ایک اننگ میں نہ سمیٹ سکا ، ان تمام بولرز میں ، جنھوں نے ایک اننگ میں 9 وکٹس اپنے نام  کیں ، پاکستانی جادو گر  اسپنر ، عبدالقادر بھی شامل تھے ، مگر دو چار ہاتھ پھر بھی لبِ بام رہ ہی گیا۔

پھر 1999 میں انیل کمبلے نے دہلی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف 26.3اوورز میں 74 رنز دے کر 10وکٹیں حاصل کیں اور جم لیکر کے ساتھ اس اعزاز میں شریک  ہو گئے۔

پھر اس کے بعد بائیس برس تک کسی بولر نے یہ اعزاز حاصل نہ کیا ، متیاہ مرلی دھرن اور شین وارن جیسے عظیم سپنرز بھی اس انوکھے مرتبے کی حسرت دل  میں لیے ہی کرکٹ کی دنیا سے رخصت ہو گئے۔ سری لنکا کے ہی کہنہ مشق اسپنر ،  رنگنا ہیراتھ پاکستان کے خلاف ایک اننگ میں 9 وکٹس لے اڑے ، مگر دس وکٹس کسی کو نہ مل سکیں ۔

لیکن اس حالیہ ممبئی ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے اعجاز یونس پٹیل نے 47.5اوورز میں 119 رنز دے 10 وکٹیں حاصل کیں تو وہ دنیا کے تیسرے ایسے باؤلر بن گئے جنہیں یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا۔

 

ایک اور خبر یہ ہے  اعجاز یونس پٹیل اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیل رہے تھے۔اگرچہ   وہ کھیلتے تو نیوزی لینڈ کی طرف   سے ہیں لیکن اُن کی پیدائش کا شہر ان کے  سپنوں کا شہر ممبئی ہی ہے۔ جہاں ان کا وہ خواب پورا ہوا جو شائد ہر بولر کا خواب ہے۔

ویلڈن اعجاز یونس پٹیل۔

دُعائیں ایسے بھی پوری  اور مقبول ہو جاتی ہیں، یہ کبھی سوچا نہ تھا۔

متعلقہ عنوانات