عید کے دن عید کے پیغام کو یاد رکھنا ضروری ہے
رمضان المبارک کا مبارک مہینہ ہم سے رخصت ہوا ۔ اس ماہ مبارک میں ایمان و احتساب کے ساتھ روزے رکھنے اور قیام کرنے والوں کے لیے اللہ رب العزت کی طرف سے انعام کے طور پر عید الفطر کا دن مقرر کیا گیا ہے۔ یہ عید دراصل ان روزہ داروں کےلیے ہے جنھوں نے اپنے رب کی خوشنودی کے لیے پورا رمضان عبادت کی اور اپنے آپ کو نہ صرف اللہ تعالیٰ کی حلال کی گئی کھانے پینے کی چیزوں سے روکے رکھا بلکہ اپنے نفس کی ایسی تربیت کرنے میں کامیاب و کامران ہوگئے کہ وہ آئندہ بھی اللہ تعالیٰ کے احکام کے سامنے اپنی ہر خواہش اور ہرتسکین کو قربان کرنے پر تیار ہوجائے ۔
عید کا دن جہاں ہمارے لیے بہت سی خوشیاں لے کر آتا ہے وہیں اس میں ہمارے لیے بہت سے پیغامات بھی ہیں۔ ان پیغامات کو کسی عرب شاعر نے بہت خوب صورت عارفانہ کلام کی صورت میں منظوم کیا ہے :
لَیْسَ الْعِیْدُ لِمَنْ لَبِسَ الْجَدِیْدِ
اِنَّمَا الْعِیْدُ لِمَنْ خَافَ بِالْوَعِیْدِ
عید اس کی نہیں جس نے نیا اور عمده لباس زیب تن کر لیا بلکہ عید تو اس کی ہے جو الله کے خوف اور اس کی پکڑ سے ڈر گئے۔(اور اس خوف سے اس نے گناہوں سے توبہ کرلی)
لَیْسَ الْعِیْدُ لِمَنْ تَبَخَّرَ بِالْعُوْدِ
اِنَّمَا الْعِیْدُ لِمَنْ تَابَ وَلَا یَعُوْدُ
عید اس کی نہیں جس نے اپنے اوپر عمدہ خوشبوئیں چھڑک لیں، کیا بلکہ عید تو اس کی ہے جس نے اپنے گناہوں کی توبہ کی اور پھر اس پر قائم رہا۔
لَیْسَ الْعِیْدُ لِمَنْ نَصَبَ الْقُدُوْرَ
اِنَّمَا الْعِیْدُ لِمَنْ سَعَدَ بِالْمَقْدُوْرِ
عید اس کی نہیں جس نے عمدہ و لذیذکھانے پکائے اور کھائے بلکہ عید تو اس کی ہے جس نے حتی الامکان خود کو نیک بندہ بنانے اور سعادت حاصل کرنے کی جدوجہد کی۔
لَیْسَ الْعِیْدُ لِمَنْ تَزَیَّنَ بِزِیْنَةِ الدُّنْیَا
اِنَّمَا الْعِیْدُ لِمَنْ تَزَوَّدَ بِزَادِ التَّقْویٰ
عید اس کی نہیں جس نے دنیاوی زینت، بناؤ سنگھار اور خوب صورتی اختیار کی بلکہ عید تو اس کی ہے جس نے تقویٰ اور پرہیزگاری کو اختیار کیا اور اسے اپنا زادراہ بنایا۔
لَیْسَ الْعِیْدُ لِمَنْ رَکِبَ الْمَطَایَا
اِنَّمَا الْعِیْدُ لِمَنْ تَرَکَ الْخَطَایَا
عید اس کی نہیں جس نے عمده سواریوں پر سواری کی بلکہ عید تو اس کی ہے جنہوں نے گناہوں اور خطاؤں کے راستے کو ترک کیا۔
لَیْسَ الْعِیْدُ لِمَنْ بَسَطَ الْبَسَاطَ
اِنَّمَا الْعِیْدُ لِمَنْ جَاوَزَ الصِّرَاطَ
عید اس کی نہیں جس نے بہترین غالیچوں سے اپنے گھرکو آراسته کیا بلکہ عید تو اس کی ہے جو پل صراط سے کامیابی کے ساتھ گزر گیا۔