احساس فراق
ماہ و انجم کنول ستارے سنو
جب وہ مہ وش نہیں ہے اپنے پاس
باد ابر بہار ہے بے کیف
چاندنی مضمحل ہے چاند اداس
اس کی فرقت کا کس قدر احساس
ہلکی ہلکی پھوار سے گویا
بھیگتا جا رہا ہے شب کا لباس
ہجر کی رات یہ فضائے حسیں
اور کچھ بڑھ گئی ہے دل کی یاس
اس کی فرقت کا کس قدر احساس
مہکی مہکی ہوائیں بے لذت
نگہت زلف گل نہ آئی راس
آج کی شب میں دل فگاروں کو
اب کہاں ہوش اور کیسا حواس
اس کی فرقت کا کس قدر احساس
آج اس کے بغیر اے پاشاؔ
جیسے پھولوں میں ہو نہ کوئی باس
جیسے کالی گھٹائیں لگتی ہوں
مضمحل مضمحل اداس اداس
اس کی فرقت کا کس قدر احساس