دسمبر میں کرکٹ

دسمبر پر ہونے والی شاعری ہی دسمبر کو دوسرے مہینوں سے منفرد نہیں بناتی،  بلکہ دسمبر میں ہونے والی کرکٹ اور خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ بھی دسمبر کو دوسرے مہینوں سے منفرد بناتی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی بات ہو تو سب سے پہلے ایشز سیریز ہی ذہن میں آتی ہے، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں ہونے والی اس کرکٹ سیریز کی بڑی تاریخی اہمیت ہے اور اسے ایشز کیوں کہتے ہیں اب یہ مت پوچھ لی جیے گا کیوں کہ یہ الگ ایک داستان ہے۔

تو کل سے شروع ہونے جا رہا ہے برسبین، یعنی  آسٹریلیا میں ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ، اور اس میچ سے پہلے انگلینڈ کو ملا ہے بڑا دھچکا ۔

اُن کے نمبر 1 فاسٹ باؤلر جیمز  اینڈرسن کاف انجری کا شکار ہو کر پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، یہ خبر نا صرف انگلینڈ کے لئے بُری خبر ہے بلکہ میرے جیسے اینڈرسن کے فینز کے لئے بھی بہت بُری خبر ہے۔

انگلینڈ کے لئے اگرچہ بین سٹوکس جیسے آل راؤنڈر کی واپسی نہایت خوش آئند تھی لیکن اینڈرسن کا پہلے ٹیسٹ سے باہر ہونا شدید  مایوس کُن خبر ہے۔

پانچ ٹیسٹ میچز کا پہلا میچ 8 دسمبر سے برسبین میں شروع ہوگا  ، یعنی کل سے،

 دوسرا ٹیسٹ میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا 16 دسمبر کو، تیسرا ٹیسٹ میچ جو کہ باکسنگ ڈے پر کھیلا جائے گا ،  وہ ہوگا میلبورن میں، چوتھا ٹیسٹ میچ سڈنی میں ہوگا 5 جنوری کو اور سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 14 جنوری 2022 کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

دسمبر میں ایک اور بڑی سیریز ہونے جا رہی ہے انڈیااور  ساؤتھ افریقہ کے درمیان، انڈیا ساؤتھ افریقہ میں کھیلنے جا رہی ہے 3 ٹیسٹ میچز اور تین ہی ون ڈے میچز کی سیریز۔

یہاں پہلا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے کے موقع پر شروع ہوگا سنچورین میں، دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے شروع ہوگا جوہانسبرگ میں اور تیسرا ٹیسٹ میچ 11 جنوری 2022 سے شروع ہوگا کیپ ٹاؤن میں۔

ون ڈے سیریز کا پہلا اور دوسرا میچ 19 اور21 جنوری کو پارل میں کھیلا جائے گا اور تیسرا ون ڈے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا 23 جنوری کو۔

یہاں یہ بتاتا چلوں کہ یہ سیریز پہلے 17 دسمبر سے شروع ہونا تھی لیکن کوویڈ 19 کی وجہ سے اس سیریز میں تھوڑی سی تاخیر ہوئی ہے اور اب 26 دسمبر یعنی کہ باکسنگ ڈے والے دن یہ سیریز شروع ہوگی۔

اسی سیریز کو لے کر انڈین ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کا ایک بڑا بیان آیا ہے کہ اس سیریز میں بیٹنگ لائن میں تبدیلیاں ضرور ہوں گی اور یہ بات اُنہوں نے پُجارا اور رہانے کی فارم کو مد نظر رکھ کر دیا ہے اور لگتا یہی ہے کہ ان دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں ہی ڈراپ ہوں۔۔

اور دسمبر میں ہی ویسٹ انڈیز بھی تو آ رہی ہے پاکستان۔  اس  لئے دسمبر کو کوسنا بند کریں اور کرکٹ سے لُطف اندوز ہوں اور اپنے کئے کا الزام دسمبر پر مت دھریں۔

متعلقہ عنوانات