ڈآکو اور بینک

 

          ایک دفعہ کا ذکر ہے، ایک امریکی بینک میں دن دیہاڑے ڈاکو گھس آئے۔ اندر آتے ہی ڈاکوؤں میں سے ایک نے چیخ کر اندر موجود لوگوں سے کہا:  "کوئی اپنی جگہ سے  نہ ہلے۔ یہاں موجود پیسہ  ریاست کی ملکیت ہے،  لیکن یاد رکھیے، آپ کی جان آپ کی  اپنی ہے۔" 

لوگوں نے ڈاکو کی دلیل سے اتفاق کیا۔ بینک میں سب خاموشی سے بیٹھ گئے۔ اسے کہتے ہیں  ،ذہن بدلنا،  تصور  بدلنا اور روایتی اندازِ فکر  پر  اثر انداز ہونا۔

          باقی ڈاکوؤں سے نظر بچا کر بینک میں موجود ایک خاتون نے خوبرو  ڈاکو کو گرما  گرم کھانا پیش کیا جو وہ ابھی ابھی اوون سے گرم کر کے لائی تھی۔ ڈاکو چلا کر بولا: "شرم کرو۔ یہ ڈکیتی ہے ، کوئی پارٹی نہیں۔"

اسے کہتے ہیں  پروفیشنل   ہونا ، اپنے پیشے سے مخلص ہونا ۔ صرف اس پر توجہ مرکوز  کرنا جس کے لیے آپ کو تربیت دی گئی ہے۔

 

جب بینک لوٹ کر ڈاکو  اپنے ٹھکانے پر واپس آئے تو چھوٹے ڈاکو  جس نے ایم بی اے  (MBA) کی ڈگری حاصل کی تھی،  بوڑھے ڈاکو جس نے  صرف پرائمری اسکول میں چھٹا سال مکمل کیا تھا  سے بولا: "مائی باپ ،  آئیے گنتے ہیں کہ ہم نے کتنا مال لوٹا ہے۔"

بوڑھے ڈاکو نے سرزنش کرتے ہوئے کہا: "تم بہت احمق ہو، یہ اتنا پیسہ ہے کہ  اسے گننے میں بہت وقت لگے گا۔ آج رات ٹی وی کی خبریں خود بتا دیں   گی کہ ہم نے بینک سے کتنا کچھ  لوٹا ہے۔

اسے تجربہ کہتے ہیں۔ آج کل تجربہ ، کاغذی قابلیت  اور ڈگری سے زیادہ اہم ہے۔

ڈاکوؤں کے جانے کے بعد بینک منیجر نے بینک سپروائزر سے کہا کہ جلدی سے پولیس کو بلا لاؤ۔ لیکن سپروائزر نے اس سے کہا: "رکو! ہم اپنے لیے بینک سے 10 ملین ڈالر نکالیں اور اسے 70 ملین ڈالر میں شامل کریں جو ہم نے پہلے بینک سے غبن کیا تھا"۔

اسے کہتے ہیں بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا ۔ اور نا موافق صورتحال کو فائدہ مند بنانا۔

 

سپروائزر  نے خواہش کا اظہار کیا: "ہر مہینے اسی طرح ڈکیتی ہو تو ہمارے حق میں بہت اچھا ہو گا۔"

اسے کہتے ہیں ،بند  کواڑ میں کھڑکی دیکھ لینا۔

اگلے دن، ٹی وی کی خبروں میں بتایا گیا کہ بینک سے 100 ملین ڈالر لیے گئے ہیں۔  ڈاکووں نے گنتی پر گنتی کی اور اس کے بعد پھر گنتی کی۔ لیکن وہ صرف 20 ملین ڈالر ہی گن سکے۔ ڈاکو بہت غصے میں   آئے۔ وہ شکایت کرتے ہوئے  بولے: "ہم نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر صرف 20 ملین ڈالر لیے۔ بینک مینیجر  نے چٹکی سے 80 ملین ڈالر ہتھیا لیے۔  اس کے باوجود پولیس ہمارے پیچھے ہے۔  واقعی  ڈاکو ہونے سے بہتر ہے تعلیم یافتہ ہونا۔"

اسے کہتے  ہیں ، علم کی قیمت سونے کے برابر ہونا۔

بینک منیجر مسکرا رہا تھا اور خوش تھا، کیونکہ اسٹاک مارکیٹ میں اس کا نقصان اب اس ڈکیتی سے پورا ہو گیا تھا۔

اسے عرف عام میں "موقع سے فائدہ اٹھانا" کہا جاتا ہے۔

ذہن پر زور ڈالیے۔ تمام تر کہانی میں اصل ڈاکو کون ہیں؟

ذرا سوچیے!

(مترجم: فرقان احمد)