کرکٹ نامہ: دنیائے کرکٹ میں ہونے والی سرگرمیاں
مارچ کے مہینے کا کھلاڑی کون؟ کیا رمیز راجہ مستعفی ہورہے ہیں؟ 2024 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی کون کرے گا میزبانی۔۔۔چار ملکی ٹورنامنٹ ہوا ملتوی۔۔۔امام الحق اور شاہین آفریدی کی لمبی چھلانگ۔۔۔جانیے کرکٹ کی دنیا میں کیا ہورہا ہے۔۔۔؟
کرکٹ نامہ: کرکٹ کی دنیا سے تازہ خبریں
محسن عباس محسن
بابر اعظم نے آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت لیا
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی کے پلئیر آف دی منتھ کا اعزاز اپنے نام کر لیا بابر اعظم کے علاوہ آسٹریلیا کی وومن کرکٹر ریچل ہینز نے بھی مہینے کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ بابر اعظم کو ایوارڈ مارچ کے مہینے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دیا گیا
آئی سی سی کی جانب سے پلیر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان رواں ماہ (اپریل 2022) کے آغاز پر کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ میں 196 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیسٹ میچ بچا لیا تھا۔
امام الحق اور شاہین آفریدی عالمی رینکنگ میں لگائی لمبی چھلانگ
کرکٹ کے ایک روزہ عالمی رینکنگ میں پاکستان کے امام الحق اور شاہین آفریدی کی لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے اپنی پوزیشن میں بہتری لانے میں کامیاب ہوگئے۔ امام الحق بیٹنگ میں تیسرے نمبر پر اور شاہین آفریدی ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آئی سی سی نے گزشتہ بدھ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ایک روزہ اور ٹیسٹ میچرز کی سیریز کے بعد عالمی رینکنگ جاری کی۔ اس رینکنگ کے مطابق امام الحق نے سات نمبر سے ترقی کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر آگئے۔ امام الحق نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی حالیہ ون ڈے سیریز میں 298 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے اوسط رن ریٹ 147 رہا جن میں دو سنچریز بھی شامل ہیں۔
جبکہ شاہین آفریدی نے ایک درجے ترقی کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر براجمان ہوچکے ہیں۔ جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں افریقی باولر کاگیسو ربادا کے ساتھ چوتھے نمبر ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔.
پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم تبدیلیوں کا امکان
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد میاں محمد شہباز شریف پاکستان کے تیئسویں وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بھی اہم تبدیلیاں ہونے جارہی ہیں۔ نجم سیٹھی کے بطور چیئرمین پی سی بی واپس آسکتے ہیں۔ نجم سیٹھی اپنے سابقہ دور میں پی سی بی کے ادھورے منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل کو بھی بڑا برانڈ بنانا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ابتدائی بات چیت کافی پہلے ہوچکی ہے۔ ان کے بعض رفقا کار پرانے ڈومسیٹک کرکٹ سسٹم پر بھی کام کررہے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان کے وزیراعظم نہ رہنے پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا بھی اپنے عہدے پر برقرار رہنا ممکن نہ ہوگا۔ بعض حلقے یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ خود مستعفی ہوجائیں گے البتہ صحافیوں کے سوال پر کہ آیا وہ اپنے عہدے سے استعفا دینے والے ہیں ، کا انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ رمیز راجہ آج کل دبئی میں ہیں اور وہاں مجوزہ چار ملکی ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں دبئی میں آئی سی سی حکام سے میٹنگز کررہے ہیں۔
2024 ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے امریکہ نے کوالیفائی کرلیا
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں 2024 میں ہونے والے مردوں کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار بیس ٹیمیں شرکت کررہیں ہیں۔ اس میں 12 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی۔ کوالیفائر راؤنڈ میں اس ایونٹ کا شریک میزبان متحدہ ریاست ہائے امریکہ نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ براہ راست اس ٹورنامنٹ میں کوالیفائی کرلیا ہے۔ ٹاپ آٹھ ٹیمیں وہ ہوں گی جو 2022 کے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پہلے آٹھ نمبر پر ہوں گی۔ جبکہ دو کا انتخاب نومبر 2022 میں جاری کردہ آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا۔ بقیہ آٹھ ٹیمیں مقامی کوالیفائر سے لی جائیں گی۔ جس میں افریقہ، ایشیا اور یورپ سے دو دو جبکہ امریکی اعظم سے ایک ٹیم اور ایک ٹیم مشرقی ایشیا سے لی جائے گی۔
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حسین کا انتقال
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حسین پینتالیس برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انھوں نے 1996 اور 1998 کے درمیان پاکستان کے لیے دو ٹیسٹ اور14 ون ڈے میچز کھیلے۔ محمد حسین گردوں اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے جو کہ ان کی موت کا سبب بنا۔۔ وہ کرکٹ دنیا میں حسینی کے نام سے مشہور تھے۔ ستمبر 1997 میں ٹورنٹو میچ میں محمد حسین وہ بارہویں کھلاڑی تھے جن کا بلا لے انضمام الحق کرکٹ شائقین کی طرف دوڑے تھے۔
چار ملکی کرکٹ سیریز: پاکستان کی تجویز مسترد
پی سی بی کی طرف سے چار ملکی سیریز کے انعقاد کی تجویز آئی سی سی نے مسترد کردی۔ ان میں پاکستان اور ہندوستان سمیت انگلستان اور ویسٹ انڈیز شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی چارملکی کرکٹ سیریز کی تجویز کی انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے حمایت کی تھی۔ جسے آئی سی سی نے گزشتہ روز اس لئے مسترد کردیا کہ یہ سیریز باقی کرکٹ فارمیٹس پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔جبکہ ایشیا کپ 2022 جو سری لنکا میں ہونا تھا اب وہ کسی اور ایشیائی ملک میں منتقل ہوسکتا ہے۔جس کا حتمی فیصلہ آئی سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔