سگریٹ ، ای سگریٹ اور پردۂ سکرین
قتل کی تفتیش کو ایک اور ناکامی اور بند گلی کا سامنا ہے۔ تھکن سے چُور اور مایوس ہوکر جاسوسہ اسٹیشن سے باہر نکل گئی۔ اس نے آسمان اور خلا کی جانب گھورا ۔ بے دلی سے ایک الیکٹرانک سگریٹ کو ہونٹوں سے لگایا اور دھویں کے کش لینے لگی ۔ اداکار کیٹ ونسلیٹ نے پہلے بھی اسکرین پر سگریٹ نوشی کی عکاسی کی تھی ، لیکن ایسی تو شاید کبھی بھی نہیں۔
تمباکو اور فلم انڈسٹری کی طویل اور پیچیدہ تاریخ ہے ۔ جس میں فلموں میں تمباکو والی مصنوعات کی منظر کشی ، ٹیلی ویژن کی سپانسر شپ اور گلیمرس ہالی ووڈ اسٹارز کے ساتھ پروموشنل تعلقات شامل ہیں۔ 2012 میں ، امریکی "سرجن جنرل" کی رپورٹ میں فلموں میں سگریٹ نوشی کی عکاسی اور نوجوانوں میں سگریٹ نوشی کے رحجان کے درمیان ایک معقول ربط پایا گیا تھا۔یعنی فلموں میں سگریٹ نوشی کا رحجان بڑھنے سے نوجوانوں میں بھی یہ سلسلہ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔
اب نیکوٹین کی کھپت کی نئی شکلیں مقبول ثقافت میں جھلکتی ہیں۔ کیا فلموں اور ٹیلی ویژن میں الیکٹرک سگریٹس محض تاریخ کو دہرانے کا معاملہ ہے یا مکمل طور پر کوئی جدید سلسلہ؟
پچھلی صلی کی چالیس کی دہائی میں ہمفرے بوگارٹ کی بطور ایک سخت گیر جاسوس مختلف فلموں میں لا زوال پرفارمینس سے لے کر 1978 کی Grease میں نو عمر جیمز ڈین اور اولیویا نیوٹن جان اور پھر نوے کی دہائی میں شیرون اسٹون کی اداکاری تک ، سنیما جانے والوں کے لئے سگریٹ نوشی ایک معمول کا منظرتھا۔ پھر صحت سے متعلق انتباہات اور حکومتی ضوابط کے مطابق رویوں اور پالیسیوں میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی۔
اگرچہ تمباکو کی کچھ بڑی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ اب تمباکو کے برانڈز کو اسکرین پر ظاہر نہیں ہونے دیتے ، یا اس کی اجازت نہیں دیتے ہیں ، لیکن تمباکو نوشی کی عکاسی نسبتاً عام رہتی ہے ، بشمول عالمی سطح پر نشر ہونے والے پروگرامز، فلمیں اور شو ، جن کے ناظرین میں سب سے بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے۔
اسی طرح ، انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے والے بڑے اداروں ، مثلاً ڈزنی وغیرہ، نے کہا ہے کہ وہ اب بچوں کے لیے مخصوص پروگرامز اور TV Shows میں تمباکو نوشی کی عکاسی کو شامل نہیں کریں گے۔ لیکن Policy Exceptions کا مطلب ہے کہ اسکرینوں پر سگریٹ نوشی کی عکاسی ہنوز جاری ہے۔
ای سگریٹ ، جس پر 1930 کی دہائی میں پہلی بار تحقیق کی گئی لیکن 2003 میں پہلی بار اسے تجارتی شکل دی گئی ، اسے سگریٹ ، سگار ، پائپ ، قلم یا میموری اسٹک (USB Flash Drive) کی طرح دکھائی دینے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ جیسا کہ
podcast The Vaping Fix
میں بتایا گیا ہے ، بیٹری سے چلنے والی مصنوعات جیسے جول کو تمباکو نوشی کی قدرے بے ضرر شکل کے طور پر تجویز کیا گیا تھا۔ لیکن معلوم یہ ہوتا ہے کہ یہ بے ضرر ہونا بھی ایک واہمہ تھا۔ آسٹریلیا میں نیکوٹین پر مشتمل ای سگریٹ بیچنا غیر قانونی ہے۔
ای سگریٹ ، ای سگریٹ کے استعمال ڈیوائسز اور تمباکو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ان مصنوعات کو مشہور فلموں اور ٹیلی ویژن شوز میں ظاہر ہوتا دیکھا ہے۔
پردۂ سکرین پر ای سگریٹ کے استعمال کی ابتدائی مثالوں میں سے ایک 2010 کی فلم ، دی ٹورسٹ کی ہے ، جس میں ٹرین میں الیکٹرانک سگریٹ استعمال کرنے والے جانی ڈیپ کے کردار کو پیش کیا گیا ہے۔
ہاؤس آف کارڈز کے دوسرے سیزن میں کیون اسپیس کو بھی الیکٹرانک سگریٹ استعمال کرتے دکھایا گیا ہے۔ پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ الیکٹرانک سگریٹ کی انڈسٹری ماضی کی انتہائی کامیاب تمباکو مارکیٹنگ کی حکمت عملی کو دہرا رہی ہے۔
ای سگریٹ کے اسکرین پر استعمال کی ان ابتدائی مثالوں کے بعد سے ، تمباکو کی عالمی صنعت ای سگریٹ سے متعلق مصنوعات اور ان کے فروغ میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر چکی ہے۔
29 جون 2021 کو ، ای سگریٹ بنانے والوں نے ، جس میں تمباکو کی بڑی کمپنی الٹریہ (فلپ مورس یو ایس اے کی سرپرست کمپنی) کا 35 فیصد حصہ ہے ، نے امریکی ریاست شمالی کیرولینا کو نوعمروں سے اپنی ای سگریٹ کی مبینہ طور پر مارکیٹنگ کروانے کے لئے 40 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا۔
ابتدائی سنیما کے برعکس ، نقادوں کی طرف سے خوب سراہی جانے والی دو ہزار اکیس کی مشہور ٹیلی ویژن سیریز ، میئر آف ایسٹ ٹاؤن میں ای سگریٹ کے استعمال کو گلیمر کے مقابلے میں کم دکھایا گیا ہے۔ کیٹ ونسلیٹ نے اس میں مرکزی کردار یعنی میئر کا کردار نبھایا ہے۔
میئر ایک چھوٹے سے شہر کی جاسوس ہے جو خاندانی سانحے کا شکار ہے اور وہ اس کمیونٹی کا حصہ ہے جو منشیات کے استعمال ، تشدد ، محدود صحت اور غربت سے متاثر ہے۔ وہ انتہائی پریشانی اور دباؤ کے مناظر اور تنازعات کی صورتحال سے وقتی فرار کے لئے ای سگریٹ استعمال کرتی ہے۔ ابھی تک نشر ہونے والے اکلوتے سیزن کی ساتویں قسط وہ واحد قسط ہے جس میں الیکٹرانک سگریٹ کی منظر کشی اور نمائش نہ کی گئی ہو۔
میئر سیریز میں ای سگریٹ کے علاوہ سادہ سگریٹ نوشی بھی دکھائی گئی ہے ، جو حقیقت پسندانہ تصویر ہے ، کیونکہ تقریبا 40 فیصد امریکی بالغ ای سگریٹ استعمال کرنے والے بھی تمباکو نوشی کرتے ہیں۔
یہ کردار ، ونسلٹ کے پچھلے کرداروں کے مقابلے میں بالکل مختلف ہے۔ 1997 میں بننے والی فلم ٹائٹینک میں ، اس کا Rose کا لازوال کردار ہے ، جس میں انھوں نے ایک پتلی سگریٹ ہولڈر کا استعمال کرتے ہوئے سگریٹ پی ۔
اسکرین پر ای سگریٹ کے استعمال کے حالیہ دیگر مواقع میں ، I Care a Lot میں روزامنڈ پائیک کا کردار بھی شامل ہے ۔ اس بات کا کوئی وا ضح ثبوت نہیں ہے کہ Mare of Easttown
یا I Care a Lot میں ای سگریٹ کے استعمال کو تمباکو کی صنعت کے ذریعہ اسپانسر کیا گیا ہے۔
پردۂ سکرین پر سگریٹ نوشی کی عکاسی کو کم کرنے کے لئے متعدد حل تجویز کیے گئے ہیں اور یہ ان سبھی مناظر بالخصوص ای سگریٹ سے متعلقہ عکاسیوں پر یکساں طور پر لاگو ہوسکتے ہیں۔ یہ بات لازم ہے کہ دنیا بھر میں دکھائے جانے والے یہ سبھی پروگرامز، فلمیں اور ڈرامے تمباکو نوشی کی سر عام تشہیر سے باز رہیں اور نوجوانوں کو ایسی کسی لت میں مزید نہ مبتلا کیا جائے۔
https://theconversation.com/smoke-screens-vaping-on-film-looks-less-glamorous-than-the-hollywood-smoking-of-yesteryear-163359
مترجم: حماد یونس