چور صاحب سے درخواست

ایک سرخی چور نے گھر کا صفایا کر دیا
گھر جو اپنا تھا اسے بالکل پرایا کر دیا


گھر کے کپڑے روپیہ پیسہ اور طلائی زیورات
لے گیا ہے چور یہ ساماں بوقت واردات


یہ جو فرمایا کہ غائب ہو گئے ہیں زیورات
اس کا یہ مطلب ہوا چوروں میں ہیں کچھ ''بیگمات''


ہے جو اس ساماں میں مجموعہ کوئی اشعار کا
اس سے کچھ اندازہ ہوگا چور کے معیار کا


قیمتی سامان میں ''مرغا'' بھی شامل ہے اگر
دوسری لائن پہ سوچیں گے پھر ارباب نظر


چور صاحب کو پکڑنے میں پولیس ہو اب جو فیل
میں بتاؤں کس طرح مجرم کو ہو سکتی ہے جیل


جس کے گھر چوری ہوئی ہے بھول جائے یہ رپٹ
یوں تو دل میں چور کے ہو جائے گی پیدا کپٹ


ناحق اس شہری کے دل کی حسرتوں کا خون ہو
وہ اب اک درخواست لکھے جس کا یہ مضمون ہو


چور صاحب آپ نے تکلیف فرمائی تھی رات
اتفاقاً سو رہا تھا میں بوقت واردات


آپ میرے گھر بصد امید و ارماں آئے تھے
بلکہ گھر میں اپنے ہی مانند مہماں آئے تھے


آپ کی خاطر نہ ہو پائی بہت افسوس ہے
گھر میں تھی اس وقت تنہائی بہت افسوس ہے


آپ نے خادم کے گھر کا جو صفایا کر دیا
جس جگہ تھی گندگی رحمت کا سایا کر دیا


اس صفائی کے لئے ہم آپ کے ممنون ہیں
ہاں ابھی گھر میں کئی صحت طلب مضمون ہیں


چور صاحب آپ کو تکلیف تو ہوگی مگر
پھر صفایا چاہتا ہے کچھ مکانوں کا گٹر


آپ پھر تکلیف فرمائیں جو از راہ کرم
اس محلے میں غریبوں کا بھی رہ جائے بھرم


گھر کو آئینہ بنا دیں اب کے جب تشریف لائیں
وقت پہلے سے بتا دیں اب کے جب تشریف لائیں


میرا افسانہ جو غائب کر دیا ہے آپ نے
اس میں اپنا رنگ بھی کیا بھر دیا ہے آپ نے


اس کا کیا ہوگا یہ جو عنوان آدھا رہ گیا
یہ بھی لیتے جائیں جو سامان آدھا رہ گیا