بزرگو، ناصحو، فرماں رواؤ (ردیف .. و)

بزرگو، ناصحو، فرماں رواؤ
ہمیں تو مے کدے تک چھوڑ آؤ


امیرانہ بھی اس کوچے میں آؤ
لب و رخسار و مژگاں کے گداؤ


ابھرتی جا رہی ہے شمع کی لو
بڑی نادان ہو ٹھنڈی ہواؤ


ہزاروں راز عریاں ہو رہے ہیں
گراؤ آنکھ پر چلمن گراؤ


وہ مجھ سے اور میں ان سے خفا ہوں
ندیمو آ کے دونوں کو مناؤ


نہ جانے ہم کہاں گم ہو چکے ہیں
جو ممکن ہو تو ہم کو ڈھونڈ لاؤ