بلو کا بستہ

چھوٹی سی بلو
چھوٹا سا بستہ
ٹھونسا ہے جس میں
کاغذ کا دستہ
لکڑی کا گھوڑا
روئی کا بھالو
چورن کی شیشی
آلو کچالو
بلو کا بستہ
جن کی پٹاری
جب اس کو دیکھو
پہلے سے بھاری
لٹو بھی اس میں
رسی بھی اس میں
ڈنڈا بھی اس میں
گلی بھی اس میں
اے پیاری بلو
یہ تو بتاؤ
کیا کام کرنے
اسکول جاؤ
اردو نہ جانو
انگلش نہ جانو
کہتی ہو خود کو
بلقیس بانو
عمر کی اتنی
کچی نہیں ہو
چھ سال کی ہو
بچی نہیں ہو
باہر نکالو
لکڑی کا گھوڑا
یہ لٹو رسی
یہ گلی ڈنڈا
گڑیا کے جوتے
جمپر جرابیں
بستے میں رکھو
اپنی کتابیں
منہ نہ بناؤ
اسکول جاؤ
اے پیاری بلو
اے پیاری بلو